چترال،دیر اور باجوڑ اضلاع پر مشتمل ڈویژن کا ہیڈصدر مقام دیر بالا میں ہونا چاہیے/دیر چترال ایکشن فورم

چترال(بشیرحسین آزاد)دیر چترال ایکشن فورم کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ دیر، چترال اور باجوڑ کے پانچ اضلاع پر مشتمل مجوزہ انتظامی ڈویژن کا ہیڈ کوارٹرز تیمر گرہ میں ہونا کسی طور پر بھی درست نہیں کیونکہ چکدرہ سے رباط تک ہائی وے کی تعمیر سے تیمرگرہ بائی پاس ہوگا اور اس صورت میں یہ ایک مستقل مسئلہ بن کر رہ جائے گا اور اس کا واحد حل اپر دیر کا انتخاب ہے۔
پیر کے روز لوئر چترال میں ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پہلے بھی بعض حلقوں نے تیمر گرہ کو نئی ڈویژن کا صدر مقام بنانے کا شوشہ چھوڑ دیا تھا اور کئی سالوں بعد وزیر اعلیٰ کی طرف سے نئی ڈویژن کے اعلان کے بعد اب دوبارہ سرگرم عمل ہوگئے ہیں اور اس صورت حال میں چترال اور اپر دیر کے عوام ایک ہوکر اپنا مطالبہ حکومت کے سامنے رکھنے کے لئے میدان میں آگئے ہیں تاکہ آنے والی نسل کو اُس تکلیف سے دوچار نہ ہونا پڑے جو سوات میں ملاکنڈ ڈویژن کا صدر مقام ہونے کی وجہ سے ہمیں اٹھانا پڑرہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نئی ڈویژن کی قیام کی صورت میں پشاور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کو بھی تیمرگرہ میں بنانے کی کوششیں شروع ہوگئی ہیں جوکہ ناقابل قبول ہے جس سے چترال اور اپردیر کے عوام کے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
اس موقع پرخطاب کرنے والوں میں دیر چترال ایکشن فورم کے چیرمین عبداللہ، عبدالولی خان ایڈوکیٹ، مومن الرحمن (صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن)، امیر گلاب خان، قاری جمال عبدالناصر، ظہیر الدین، شریف حسین، وجیہ الدین شامل ہیں۔
دیر چترال ایکشن فورم کے راہنماوں نے اپر چترال کا بھی دورہ کیا اور بونی کے مقام پر اپر چترال ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے بھی خطاب کیا اور نئے ڈویژن کیلئے دیر بالا کو صدر مقام بنانے پر زور دیا۔