تورکہو روڈ تحریک کے پر امن مظاہرین پر مقدمات درج کرنا قابل مذمت ہے/مومن الرحمن ایڈوکیٹ
چترال(بشیرحسین آزاد )ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال لوئر کے صدر مومن الرحمن ایڈووکیٹ نےسخت مؤقف اپناتے ہوئے تورکہو کے پرامن احتجاجی مظاہرین کی گرفتاری اور عوام کے آئینی حقوق کی صریح خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے۔
جاری کردہ ایک مذمتی بیان میں صدر بار نے کہا کہ ملک کا آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج، آزادیِ رائے اور اجتماع کے حقوق فراہم کرتا ہے۔ تورکہو کے عوام نے پُرامن طریقے سے اپنے بنیادی مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کی، جس پر ان کے ساتھ ریاستی جبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتاریاں کی گئیں، جو کہ کسی بھی مہذب جمہوری معاشرے کے اصولوں کے خلاف ہے۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اس واقعے کو آئینی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی تصور کرتی ہے اور حکومتِ وقت سے مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار شدگان کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے. اس غیر آئینی اقدام کی تحقیقات کی جائیں
اور آئندہ شہری آزادیوں اور عوامی آواز کو دبانے کی روش سے گریز کیا جائے۔
صدر بار نے مزید کہا کہ چترال کے عوام نے ہمیشہ قانون، امن اور جمہوری اقدار کا احترام کیا ہے، اور ایسے اقدامات عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کا باعث بنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال لوئر ہر اس اقدام کے خلاف آواز بلند کرے گی جو عوام کے آئینی حقوق، اظہارِ رائے کی آزادی اور انسانی وقار کو پامال کرےگی۔