تورکہو روڈ تحریک کے ذمہ داران کے خلاف مقدمات کا اندراج قابل مذمت ہے/امیر جماعت اسلامی لوئر چترال

چترال(بشیر حسین آزاد )جماعت اسلامی لوئر چترال کے امیر وجیہ الدین نے اپر چترال انتظامیہ کی طرف سے تورکہو روڈ تحریک کے ذمہ داراں ایڈوکیٹ وقاص،عمیر خلیل اللہ، حفیظ الرحمن ، شعیب میر ، پیر مختارکے خلاف 16 ایم پی او کے تحت کارروائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسکی مذمت کی ہے۔
میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں وجیہ الدین نے کہا کہ اپنے حقوق کے لیے پر امن جدوجہد کرنا ہر شہری کا دستوری و قانونی حق ہے، اپر چترال کی ضلعی انتظامیہ نے اپنی نا اہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے پر اتر آئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تورکہو کے عوام عرصہ دراز سے تعطل کا شکار سڑک کی تعمیر و تکمیل کے لیے آواز بلند کرنے کے ساتھ اس ضمن میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، جو کہ عوام الناس کا ایک حقیقی آئینی و قانونی حق ہے، اور پر امن جدوجہد کرنے والوں کے خلاف حکومتی کارروائی ایک غیر قانونی اقدام ہے۔
حکومت اس عمل کے ذریعے حقوق کے لیے اٹھنے والی آواز کو دبانا اور لوگوں کی زبانیں بند کرنا چاہتی ہے، جو کہ ہر گز جمہوری اور قانونی طریقہ کار نہیں ہے۔
ہم اس اوچھے ہتھکنڈے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ساتھ پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ مظاہرین پر لگائے جانے والے دفعات واپس لیے جائیں۔
حکومت کو چاہیے کہ عوامی مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرکے ان مسائل کے حل کی طرف پیش قدمی کرے، اس کے بجائے مسائل کے لیے آواز اٹھانے والوں کو پابند سلاسل کرنا کسی جمہوری حکومت کا شیوہ نہیں ہوتا۔