حاجی مغفرت شاہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن منتخب

چترال(چ ،پ)سابق ضلع ناظم اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی زون کے نائب امیر حاجی مغفرت شاہ کو جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی شوریٰ کا ممبر منتخب کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کی طرف سے سیشن 2025 تا 2028 کے لئے چترال سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان حاجی مغفرت شاہ کو جماعت کے مرکزی شوریٰ کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
حاجی مغفرت شاہ ضلع چترال کے دو مرتبہ ضلع ناظم منتخب ہوئے تھے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ، الخدمت فاونڈیشن کے ضلعی صدر بھی رہے۔ اسوقت جماعت اسلامی کے خیبر پختونخوا کے شمالی زون میں نائب صوبائی امیر ہیں۔
حاجی مغفرت شاہ ایک طویل ، پرجوش اور سرگرم سیاسی کیریئر رکھتے ہیں اور جماعت اسلامی کے اندر انہیں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
حاجی مغفرت شاہ نے گذشتہ سال منعقد ہونے والے قومی الیکشن میں جماعت اسلامی کی ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا۔
پرویز مشرف کے دورحکومت میں جب بلدیاتی نظام کا نفاذ ہوا تو حاجی مغفرت شاہ انتخابی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے جماعت اسلامی کی طرف سے پہلے سیشن کےدوران یونین کونسل دنین سے نائب ناظم منتخب ہوگئے، انکے ہمراہ حکیم مجیب اللہ حلقے کے ناظم منتخب ہوئے تھے۔
دوسرے سیشن میں دوبارہ اسی حلقے سے جماعت اسلامی کی ٹکٹ پر سید جلال ایڈوکیٹ کے ساتھ ملکر دوبارہ نائب نظامت کا الیکشن لڑا اور دونوں جیت گئے, تاہم اسی سیشن میں جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے منحرف ناظمین گروپ کے اتحاد کے نتیجے میں ضلع ناظم کیلئے متفقہ امیدوار کے طور سامنے آئے اور شہزادہ محی الدین مرحوم جیسے قدآور سیاستدان کو ہراکر ضلع ناظم بن گئے۔
2015 کے بلدیاتی الیکشن میں ایک مرتبہ پھر دنین کے حلقے سے ممبر ڈسٹرکٹ کونسل منتخب ہونے کے بعد ضلعی نظامت کا ہما اپنے سر سجانے میں کامیاب ہو گئے۔