قومی سلامتی کمیٹی کا اہم ترین اجلاس، بھارت کو سخت پیغام، پانی بند کرنے کا اقدام جنگ تصور ہوگا

بھارت کسی بھی مہم جوئی کا خیال دل سے نکال دے، وہ سبق سکھائیں گے کہ نسلیں یاد رکھیں گی

اشتہارات

اسلام آباد(چ،پ)اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے پر لگائے گئے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا۔ اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی اور بھارتی اقدامات، الزامات اور مسلسل اشتعال انگیزیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارت کے الزامات بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، جو محض سیاسی مقاصد کے لیے گھڑے گئے ہیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ پاکستان ہر سطح پر بھرپور جواب دے گا۔

سفارتی اور آبی محاذ پر بھی ردعمل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی سطح پر اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا گیا ہے، جبکہ سفارتی سطح پر بھارت کے جارحانہ اقدامات کا بھی مؤثر جواب دیا جائے گا۔

سرحدوں پر دفاعی تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے مسلح افواج کی آپریشنل صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ کسی بھی بھارتی "مس ایڈونچر” کی صورت میں فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے۔

پاکستان نے شملہ معاہدے سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں پر نظرثانی کا عندیہ بھی دیا ہے۔ اسی سلسلے میں واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے، اور بھارت سے ہر قسم کی تجارت معطل کر دی گئی ہے۔ سارک ویزہ اسکیم کے تحت بھارتی شہریوں کے ویزے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں، تاہم سکھ یاتریوں کو اس فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

علاوہ ازیں، پاکستان میں موجود بھارتی دفاعی، فضائی اور بحری اتاشیوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے، اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد 30 افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔

فضائی حدود کے حوالے سے بھی بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بند کر دی گئی ہے۔ اجلاس میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا بھی ذکر کیا گیا، جسے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا ثبوت قرار دیا گیا۔

اجلاس میں جموں و کشمیر پر بھارت کے قبضے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارت کی حالیہ حرکات دو قومی نظریے کی سچائی کا عملی ثبوت ہیں۔

آخر میں، پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں صف اول کا ملک قرار دیتے ہوئے بھارتی پروپیگنڈے کو پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش قرار دیا گیا۔