ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال نے سرحدی قصبے ارندو کا دورہ کیا، سیکورٹی صورتحال اور تھانے کے انتظامی معاملات کا جائزہ لیا

اشتہارات

چترال (چ،پ) ڈسٹرکٹ پولیس افیسر لوئر چترال افتخار شاہ نے گذشتہ روز سرحدی علاقے ارندو کا دورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال افتخار شاہ نے سیکورٹی صورتحال اور انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لئے تھانہ ارندو کا دورہ کیا۔ انکے ہمراہ ایس پی ایلیٹ فورس عمر دراز خان، ایس ڈی پی او سرکل دروش اقبال کریم و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈی پی او لوئر چترال نے تھانے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال، رہائشی بیرکس، فرنٹ ڈیسک، رجسٹرات، حوالات سمیت دیگر سکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔

ڈی پی او نے پولیس افسران اور جوانوں کو موجودہ حالات کے تناظر میں ہمہ وقت ہائی الرٹ رہنے، کسی بھی ممکنہ خطرے سے فوری اور موثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کئیں۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ افسران اور پولیس اہلکار تھانے میں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کی بات توجہ سے سنیں اور مظلوم و کمزور طبقے کی فوری داد رسی کو یقینی بنانئیں ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کا رویہ عوام دوست اور قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مستحکم ہو۔