اسمار افغانستان میں دریا سے ملنے والی لاش لاوارث قرار دیکر چترال میں تدفین کردی گئی

چترال(چ،پ)گزشتہ دنوں افغانستان کے علاقہ اسمار کے مقام پر دریائے چترال سے ملنے والی لاش لاوارث قراردیکر چترال میں دفن کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں افغانستان کے علاقہ اسمار میں ایک خاتون کی لاش دریا سے برآمد ہوئی تھی جسے تورکہو رائین سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی لاش سمجھتے ہوئے لواحقین چترال لے آئے۔
اس حوالے سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے خاتون کے پوسٹ مارٹم اور لواحقین کی طرف سے لاش کے معائنہ کے بعد یہ تصدیق ہوئی کہ مذکورہ لاش تورکہو سے تعلق رکھنے والی خاتون کی نہیں۔
اس سلسلے میں ارندو سے تعلق رکھنے والے ایک سماجی شخصیت نے چترال پوسٹ کو بتایا کہ لاش کی حوالگی کے وقت بھی پاک افغان بارڈر میں تنازعہ پیدا ہوا تھا جب افغانستان کے علاقہ جبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے لاش اپنے بچی کا بتا کر لاش کی حوالگی سے انکار کیا، تاہم تورکہو سے تعلق رکھنے والے ورثا کے اصرار پر مصالحت کے بعد لاش انکے حوالے کی گئی تھی۔