الخدمت فاؤنڈیشن نے وادی شیشی کوہ میں ایمبولینس سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا

اشتہارات

چترال(فتح اللہ) الخدمت فاونڈیشن نے تحصیل دروش کے علاقے شیشی کوہ میں ایمبولنس سروس کا آغاز کردیا ہے، گذشتہ دنوں سروس کا باضابطہ افتتاح بھی کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے ذیلی فلاحی تنظیم "الخدمت فاونڈیشن” نے دروش کے پسماندہ وادی "شیشی کوہ” میں ایمبولنس سروس کا افتتاح کیا، اس سروس سے ہزاروں کی آبادی والے علاقے کے عوام کو طبی شعبے میں آسانی میسر آئے گی۔

سروس کی افتتاحی تقریب شیشی کوہ میں تار کے مقام پر ہوئی جس میں جماعت اسلامی لوئر چترال کے امیر وجیہ الدین مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی کے سابق امیر مولانا جمشید احمد، الخدمت فاونڈیشن کے صدر عبدالحق، نائب امیر ضلع محمد عالم خان، شیشی کوہ کے سابق ناظم سہراب خان ، وی سی تار کے چیئرمین قاری عبدالرحمن سمیت علاقے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے الخدمت فاونڈیشن کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ بلا کسی تفریق کے عوام کی خدمت کررہی ہے ۔

علاقہ شیشی کوہ میں الخدمت فاونڈیشن کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے یو سی چیئرمین قاری عبدالرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے شہید ہونے والے مساجد اور گھروں کی تعمیر میں بھر پور کردار ادا کیا اور اس علاقے میں مختلف اوقات میں مختلف ریلیف اور خوراک بروقت پہنچائی ہے ۔

افتتاحی تقریب سے سابق ناظم سہراب خان، الخدمت فاونڈیشن کے صدر عبدالحق و دیگر نے بھی خطاب کیا۔