ڈپٹی سپیکر محترمہ ثریا بی بی صاحبہ اور ممبر نیشنل اسمبلی جناب عبدالطیف صاحب کے نام کھلا خط

محترمہ ثریا بی بی صاحبہ
ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی
ایم پی اے اپر چترال اور جناب عبدالطیف صاحب ممبر نیشنل اسمبلی حلقہ چترال
محترمہ ڈپٹی سپیکر صاحبہ و عبدالطیف صاحب
اسلام علیکم۔۔
سب سے پہلے آپ دونوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ آپ نہ صرف اپر چترال و لوئر چترال کے منتخب نمائندے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ محترمہ ثریا بی بی صاحبہ ایک اعلیٰ آئینی عہدے، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی، پر فائز بھی ہیں۔ یہ پورے چترال کے لئے باعثِ فخر ہے کہ ہماری بہن اس اہم منصب پر خدمات انجام دے رہی ہے۔
یہ خط آپ دونون منتخب نمائندگان کے توجہ اپر چترال، خصوصاً لاسپور ویلی میں بونی-شندور روڈ (یا گلگت چترال ایکسپریس وے) کے متاثرین کی زمینوں کی مناسب معاوضے کی طرف مبذول کرانے کے لئے تحریر کیا جا رہا ہے۔
اس منصوبے کے تحت جو زمینات نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے استعمال میں آ رہی ہیں، ان کے مالکان کو آج بھی پرانے، غیرمناسب ریٹس کی بنیاد پر معاوضے دیے جانے کے خدشات ہیں، جو موجودہ مہنگائی کے دور میں نہایت غیر منصفانہ اور ناقابلِ قبول ہیں۔ جس کو علاقے کے لوگ ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
محترمہ ایم پی اے صاحبہ و ایم ین اے صاحب! آپ بخوبی جانتے ہیں کہ آج کے دور میں اشیائے خوردونوش جیسی بنیادی چیزیں بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ ایسے میں اگر کسی فرد کی صدیوں پرانی وراثتی زمین متاثر ہوتی ہے اور اس کو بدلے میں ایسا معاوضہ دیا جاتا ہے جو اس کے نقصان کا عشرِ عشیر بھی نہیں، تو یہ اس کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔
ہم یہ بات آپ کے علم میں بھی لانا چاہتے ہیں کہ شندور کے اُس پار غذر کے عوام نے بھی اپنی زمینوں کے لئے پرانے نرخ تسلیم کرنے سے انکار شدید احتجاج کیا تھا، اور ان کے نمائندہ، ایڈوکیٹ نذیر احمد صاحب جو اس وقت سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی ہیں، نے عوامی آواز کو بلند کیا، نتیجتاً پھنڈر تا برست اپر غذر تک کمرشل، رہائشی و بنجر زمینوں کے نرخوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، جسے وہاں کے عوام نے نہایت سراہا۔
ہمیں بھی امید ہے کہ آپ بھی اپنے علاقے کے نمائندہ ہونے کے ناطے، اپر چترال کے عوام کے ساتھ ہونے والی اس ممکنہ ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں گے اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے زمینات کے نرخوں میں منصفانہ اضافہ کروانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ ہم آپ سے اسی امید اور یقین کے ساتھ رجوع کر رہے ہیں کہ آپ اپنی سرزمین کے ساتھ انصاف کریں گے۔
اللہ آپ کو دونوں کو صحت، ہمت اور توفیق عطا فرمائے تاکہ آپ اپنے عوام کی صحیح معنوں میں ترجمانی کرسکیں۔
با ادب و احترام کیساتھ
سماجی کارکن امیر نیاب