جشن قاقلشٹ کے انعقاد کے سلسلے میں کمیٹی کے اراکین کا ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے ساتھ ملاقات
ڈپٹی اسپیکر نے صوبائی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا

اپر چترال(چ،پ)جشن قاقلشٹ 2025 کی تیاریوں، سیکورٹی اور دوسرے ضروری امور کے سلسلے میں چیئرمین جشن قاقلشٹ کمیٹی شہزادہ سکندرالملک کی ہدایت پر جشن قاقلشٹ کمیٹی ممبران نے گذشتہ روز ڈپٹی اسپیکر خیبر پختون خواہ اسمبلی ثریا بی بی اور ڈپٹی کمشنراپر چترال حسیب الرحمٰن خلیل سے ڈپٹی کمشنرکے دفتربونی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں جشن کی تیاریوں، انتظامات اور دوسرے ضروری امور کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔جشن قاقلشٹ کمیٹی کی جنرل سکرٹری محمد حبیب نے جشن کی انعقاد کے حوالے سے ڈپٹی اسپیکر اور ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ جشن اپر چترال کا ایک تاریخی روایتی اور ثقافتی جشن ہے جو کہ گزشتہ کئی سالوں سے منایا جاتا ہے۔
جشن کسی بھی تعصب سے پاک ہے، اس کے انعقاد کا مقصد چترال کی پرانے ثقافتی ورثہ کو زندہ رکھنا اور سیاحت کو فروع دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جشن کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ کا کردار ہر وقت جشن قاقلشٹ کمیٹی کے ساتھ سے مخلصانہ اور تعاون مثالی رہا ہے۔
انہوں نے ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی اور محکمہ سیاحت کی گزشتہ سال جشن کے حوالے سے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس سال بھی بھر پور تعاون کی امید کا اظہار کیا ، انہوں نے ہر سال کی طرح ضلعی انتظامات اور سکورٹی کا مطالبہ کیا ۔
اس موقع پرڈپٹی اسپیکر خیبر پختون خواہ اسمبلی ثریا بی بی نے جشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے علاقےمیں سیاحت کی ترقی کے لئے ایک اہم قدم قراردیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور اپنی طرف سے جشن کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمن خلیل نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جشن قاقلشٹ کمیٹی اور جشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی مکمل یقین دہانی کرایا ۔