اپر چترال میں پریس کلب کا با ضابطہ قیام عمل میں لایا گیا

اپر چترال(چ،پ)ضلع اپر چترال میں پریس کلب کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق "پریس کلب اپرچترال” کی افتتاحی تقریب گذشتہ روز بونی میں ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر حسیب الرحمن خلیل مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت تحصیل چیئرمین سردار حکیم نے کی۔
اس موقع ڈی پی او اپر چترال عتیق شاہ، معروف عالمدین مولانا قاضی ربانی، ریجنل سماعیلی کونسل کے صدر امتیاز عالم، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، سول سوسائٹی، سماجی کارکنان، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حسیب الرحمن نے میڈیا کے کردار کو سراہا اور کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی میں صحافت کا مرکزی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے اپر چترال کے صحافیوں کو نئی ذمہ داریوں کے آغاز پر مبارکباد دی۔
تحصیل چیئرمین مستوج سردار حکیم نے بھی اپنے خطاب میں پریس کلب کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے صحافی برادری کی خدمات کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر مولانا قاضی ربانی نے صحافت کو اسلامی اور قومی نقطہ نظر سے قوم کی اصلاح کا بہترین ذریعہ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو اپنے قلم کے ذریعے معاشرے میں اچھائی کو فروغ دینا چاہیے۔
ریجنل سماعیلی کونسل کے صدر امتیاز عالم نے پریس کلب کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مستقبل میں چترال کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
اس سے قبل سینئر صحافی اور اپر چترال پریس کلب کے صدر محمد علی مجاہد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پریس کلب کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی اور اپر چترال میں مثبت صحافتی ماحول کے قیام کی امید ظاہر کی۔