انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال کا ہنگامی اجلاس، سینئر شاعر افضل اللہ افضل کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، پیپلز پارٹی قائدین سے معافی مانگنے کا مطالبہ

اشتہارات

چترال(چ،پ)معروف سینئر شاعر افضل اللہ افضل کے ایک نظم پر انکے خلاف پیپلز پارٹی کی طرف سے "پیکا” ایکٹ کے تحت مقدمہ کے حوالے سے پیدا شدہ صورتحال کے حوالے سے انجمن ترقی کھوار چترال کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں شعرا، ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت معروف ادیب و شاعر محمد عرفان عرفان نے کی جبکہ اجلاس سے معروف قانون دان اور انجمن کے سابق صدر عبدالولی خان عابد، انجمن کے صدر تنویر الملک ایڈوکیٹ، وقاص احمد ایڈوکیٹ ، فدا الرحمان فدا، حلقہ چترال کے سینئر نائب صدر حفیظ اللہ امین، سعادت حسین مخفی، بزرگ شاعر و سماجی کارکن عنایت اللہ اسیر، افضل اللہ افضل نے خطاب کیا۔

اجلاس میں صورتحال پر غور کرنے کے بعد قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کے دعویدار سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنماؤں کی جانب سے انجمن ترقی کھوار چترال کے بزرگ اور سینئر رکن افضل اللہ افضل کے 2021 میں مشاعرے میں پڑھے گئے مزاحیہ کلام کی ویڈیو کلپ کو سوشل میڈیا پر منظرعام پر لانے اور اس پر نامناسب الفاظ استعمال کرنے اور ان کے ساتھ ساتھ ادارے کے نام کو بھی بے جا طور پر ہدف بنانے اور افضل اللہ افضل کو بلاجواز، غیر اخلاقی اور غیر قانونی طور پر مقامی پولیس کے ذریعے تھانے طلب کرکے ہراساں کرنے کی مذمت کی گئی اور اسے نا قابل قبول قرار دیا گیا۔

مقررین نے اپنی تقاریر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی قائدین کی جانب سے ایک قلمکار اور تمام شعرا برادری کے خلاف غیر اخلاقی و غیر قانونی طرز عمل اور ہراسانی جیسے ناقابلِ معافی عمل کی شدید مذمت کی۔

اجلاس میں منظور کئے گئے قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی چترال کے ضلعی رہنماؤں نے بغیر تحقیق کے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جو افضل اللہ افضل جیسے بزرگ شاعر کی دل آزاری کا باعث بنا، اس عمل پر پارٹی کو چاہیے کہ وہ اپنے آفیشل فیس بک پیج یا ضلعی صدر کے ویڈیو پیغام کے ذریعے باضابطہ معافی مانگے۔

یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی چترال کے سینئر رکن اور سیکریٹری اطلاعات نظار ولی شاہ کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر شعراء برادری کے خلاف دشنام طرازی پر مبنی ویڈیو پیغام پر فوری معافی مانگیں اور وہ ویڈیو فوراً ڈیلیٹ کی جائے۔

پیپلز پارٹی کے کارکنان نے افضل اللہ افضل کے کئی سال پرانا مزاحیہ کلام کو موجودہ سیاسی حالات سے جوڑ کر جان بوجھ کر ویڈیو وائرل کی، اس شرانگیزی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ ان مطالبات پر فوری عمل نہ کیا گیا تو انجمن ترقی کھوار چترال، شعرا برادری مکمل طور پر پیپلز پارٹی چترال کا سوشل بائیکاٹ کرے گی،نیز پارٹی کے عہدیداران کو ادبی پروگراموں میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور نہ ہی کسی ادبی پروگرام میں پیپلز پارٹی کو مدعو کیا جائے گا۔