اپر چترال میں امن و امان صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جرگہ کا انعقاد کیا گیا، ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے صدارت کی

اشتہارات

بونی (چ،پ )ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی زیر صدارت بونی میں ایک اہم امن جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد اپر چترال میں امن و امان کی صورتِ حال کا جائزہ لینا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

جرگے میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال، ڈی پی او اپر چترال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، تحصیل چیئرمین مستوج سردار حکیم، تحصیل چیئرمین تورکھو موڑکھو میر جمشید، ٹی ایم او موڑکھو سمیت آل پارٹیز کے نمائندے شریک ہوئے۔

ڈی پی او اپر چترال نے اجلاس کو علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتِ حال پر تفصیلی بریفنگ دی اور عوام پر زور دیا کہ وہ امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے بتایا کہ ریاستی احکامات کی روشنی میں افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے اور دیگر غیر قانونی مقیم افراد کی واپسی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل کو باعزت اور منظم طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ افغان مہاجرین کو عزت و احترام کے ساتھ ان کے وطن واپس بھیجا جائے۔

تجار یونین کے نمائندوں نے اجلاس میں بونی بازار میں سیکورٹی کیمروں کی تنصیب اور بونی چوک سے بونی میڈیکل سنٹر تک مرکزی شاہراہ کی فوری مرمت کا مطالبہ بھی پیش کیا۔