قاقلشٹ میدان میں منچلوں کی خرمستیاں، قدرتی حسن کو روند ڈالنے پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی

سوشل میڈیا میں ویڈیوز دیکھ کر عوامی حلقوں کی شدید مذمت پر بالآخر انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی

اشتہارات

بونی(چ،پ)چترال کے خوبصورت سیاحتی مقام قاقلشٹ میں ان دنوں خوبصورتی اپنے جوبن پر ہے اور اس خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے لئے بڑی تعداد میں مقامی سیاحوں نے قاقلشٹ کا رخ کیا مگر منچلوں کی غیر ذمہ دارنہ اور بے حس حرکتوں نے قدرتی حسن سے مالامال قاقلشٹ کو روند ڈالا جسے عوامی حلقوں میں شدید نا پسند کیا گیا۔

منچلوں کے گاڑیوں کی ڈرفٹنگ،موٹر سائیکلوں کی ون ویلنگ اور سبزے میں گاڑیاں دوڑانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا میں آنے پر عوامی حلقوں نے اس پر شدید افسوس اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا میں عوامی مطالبے پر ضلعی انتظامیہ اپر چترال حرکت میں آکر قاقلشٹ میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے کاروائی عمل میں لائی، لیویز اور پولیس اہلکار تعینات کرکے منچلوں کو لگام ڈالنے کا کام سرانجام دیا۔

اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے والوں کو جرمانہ بھی کیا گیا ہے جو کہ احسن قدم ہے۔

اگر ضلعی انتظامیہ پہلے سے ہی اسطرح کے اقدامات اٹھاتی تو ان ناپسندیدہ حرکتوں کو روکا جا سکتا تھا تاہم دیر آئے درست آئے کے مصداق بالآخر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اقدامات کی بدولت مزید بد مزگی کو روکا گیا ہے۔