صوبائی حکومت کی عیدی پیکج،صوبے بھر میں عیدی پیکج کی شفافیت پر سوالات اٹھنے لگے, مستحقین کی لسٹ پبلک کرنے کا مطالبہ

پشاور(چ،پ)خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کی طرف سے صوبے بھر میں تقسیم کئے جانے والے "عیدی” پر مخالف سیاسی جماعتوں سمیت سماجی حلقوں نے بھی انگلی اٹھانے شروع کر دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر ایک ارب روپے سے زائد کا "عیدی پیکج” مرتب کیا جو کہ صوبہ بھر میں تحریک انصاف کے عہدیداروں اور راہنماوں کے ذریعے تقسیم کرنے کا فارمولا طے کیا گیا ہے۔
اس فارمولے کے تحت عیدی پیکج کے "مستحقین” کی نشاندہی تحریک انصاف کے مختلف سطح کے عہدیداروں نے کی ہے۔
عیدی پیکج میں منتخب شدہ مستحقین کو آن لائن سسٹم کے ذریعے مبلغ دس ہزار روپے ملے ہیں۔
اس حوالے سے صوبے کے سیاسی جماعتوں نے اس عمل کو ایک سیاسی رشوت اور مستحقین کے نام پر اپنے کارکنوں کو نوازنے کا عمل قرار دیا ہے۔
حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے سیاسی راہنماوں کا کہنا ہے کہ در اصل خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے عیدی پیکج متعارف کراکے اپنے کارکنوں کو نوازنے کا طریقہ متعارف کرایا۔
سماجی حلقوں نے مستحقین کی نشاندہی کے عمل کو غیر شفاف،اقربا پروری اور پسند و نا پسند کی بنیا د پر قرار دیتے ہوئے اسکی شفافیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔
سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ مستحقین کے انتخاب کا پورا عمل مشکوک ہے کیونکہ اس عمل کی کوئی باضابطہ نگرانی نہیں کی گئی ہے۔
گوکہ اس حوالے سے سرکاری سطح کمیٹی پر تشکیل دی گئی ہے مگر صوبے بھر میں اس عمل پر سخت اعتراضات سامنے آئے ہیں۔