کاٹلنگ واقعے میں عام شہریوں کی شہادتوں پر افسوس ہے، واقعے کی شفاف انکوائری کی جائے گی/وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

اشتہارات

پشاور(چ،پ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کے دوراں عام شہریوں کی شہادتوں کے واقعے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

اس سلسلے میں جاری کئےگئے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی علاقے میں پہلے بھی دہشتگردوں کے خلاف کاروائیوں میں محسن باقر اور عباس جیسے بڑے دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا تھا، سرکاری اطلاعات کے مُطابق ہفتے کی صبح اسی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے دوراں 12 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف اس کاروائی کے دوراں عام شہریوں کی شہادتوں کے افسوسناک واقعے کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی تاکہ حقائق سامنے آئیں،انکوائری رپورٹ آنے کے بعد صوبائی حکومت واقعے سے متعلق اپنا واضح موقف دے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام صوبے سے دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔