نیگیٹو مارکنگ کا نفاذ تعلیم دشمن پالیسی ہے، اسے فوری ختم کیا جائے/ نثار احمد

اشتہارات

پشاور(چ،پ) آل ٹیچرز ایسوسی ایشن چترال کے صدر نثار احمد نے ایٹا (ETEA) کے تحت ہونے والے ٹیچنگ کیڈرز ٹیسٹ میں نیگیٹو مارکنگ کے نفاذ کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیگیٹو مارکنگ سے امیدواروں کے ذہنی دباؤ میں اضافہ ہوگا، جس کا براہ راست اثر ان کی قابلیت اور کارکردگی پر پڑے گا۔ ایک اندازہ لگانے کی صلاحیت بھی علم کا حصہ ہے، اسے سزا نہیں دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جب دیگر مسابقتی امتحانات میں نیگیٹو مارکنگ کا اطلاق نہیں ہوتا تو صرف ٹیچنگ کیڈرز ٹیسٹ میں اس پالیسی کو نافذ کرنا غیر منصفانہ ہے،بے روزگاری کے ستائے امیدوار مزید دباؤ میں آ گئے۔

نثار احمد نے مزید کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں سرکاری نوکریاں نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں امیدوار پہلے ہی بیروزگاری اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، اور اب نیگیٹو مارکنگ کی پالیسی مزید مشکلات کھڑی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا پی ایم ایس جیسے بڑے امتحان میں بھی اتنی سختی نہیں جتنی کہ PST اور CT کے امتحانات میں رکھی جا رہی ہے۔
آل ٹیچرز ایسوسی ایشن چترال نے محکمہ تعلیم اور ایٹا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیچنگ کیڈرز ٹیسٹ میں نیگیٹو مارکنگ کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ طلبہ کی محنت کا احترام کرتے ہوئے انہیں ذہنی دباؤ سے نکال کر پرامن امتحانی ماحول فراہم کیا جائے۔

بھرتی کے عمل کو مزید سخت بنانے کے بجائے آسان بنایا جائے تاکہ امیدواروں کو بہتر مواقع مل سکیں۔

اساتذہ تنظیم نے واضح کیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔