چترال سکاوٹس کا دروش میں کھیلوں کی ترقی کے بڑے منصوبے کا آغاز

کیپٹن اجمل شہید سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ اور فٹبال کے گراونڈ کی بہتری، حفاظی بند کی تعمیر اور نئے پولو گراونڈ کی تعمیر شامل ہے

اشتہارات

دروش(چ،پ)کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کی خصوصی دلچسپی سے چترال سکاوٹس نے چترال کے تحصیل دروش میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اور بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مقامی نوجوانوں کو بہتر کھیلوں کی سہولیات مہیا کرنا اور علاقے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چترال سکاوٹس نے ونگ کمانڈر 143 ونگ لیفٹیننٹ کرنل حسن کی سربراہی میں تاریخی اوسیک گراونڈ، کیپٹن اجمل شہید سپورٹس کمپلیکس کو دریائے چترال کے کٹاؤ سے محفوظ بنانے اور اس میں کھیلوں کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ اس منصوبے کی جلد ازجلد تکمیل اور کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے لیفٹیننٹ حسن کی سربراہی میں زور و شور سے کام جاری ہے۔

گذشتہ سال دریائے میں طغیانی کی وجہ سے گراونڈ کے کٹاو کا عمل شروع ہو چکا ہے تھا اور گراونڈ دریا برد ہونے کا خطرہ در پیش تھا۔
اس منصوبے میں دریائے چترال کی چینلازیشن اور گراؤنڈ کو کٹاؤ سے بچانے کے لیے حفاظتی بند کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ گراؤنڈ کے لیے پریکٹس نیٹس کی تنصیب، پویلین کی بحالی، اور فٹبال گراؤنڈ کی بہتری کے کام بھی کیے جائیں گے، جس سے نوجوانوں کو کھیل اور تفریح کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔

چترال سکاوٹس نے اس ضمن میں ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے سپورٹس کمپلیکس میں پولو گراؤنڈ کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام چترال کے ثقافتی اور روایتی قومی کھیل پولو کی ترقی کےلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے، ان اقدامات سے کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ علاقے کے عوام کے لیے صحت مند تفریحی مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

علاقے کے عوام اور نوجوانوں نے چترال سکاوٹس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا ہے اور کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل بلال جاوید اور ونگ کمانڈر 143 ونگ لیفٹیننٹ کرنل حسن کا شکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ چترال بالخصوص دروش میں کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کے صحت مندانہ سرگرمیوں کی فراہمی میں چترال سکاوٹس کا اہم اور بنیادی کردار ہے۔