عوامی شکایت پر پولیس کا کم عمر اور تیز رفتار موٹر سائیکلسٹس کے خلاف موثر کاروائی، درجنوں بائیک تھانے میں بند

چترال(چ،پ)عوامی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او لوئر چترال کی ہدایت پر دروش پولیس نے ایس ڈی پی او اقبال کریم کی نگرانی اور تھانہ دروش کے ایس ایچ او بلبل حسن کی سربراہی میں کم عمر ، بغیر ہیلمٹ اور تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا ہے ۔
پولیس کی طرف سے شروع کردہ مہم کے دوران بڑی تعداد میں موٹر سائیکلوں کو تھانے میں بند کردیا گیا اور کئی ایک کو جرمانہ کیا گیا ہے۔
عوامی حلقوں کی طرف سے دروش پولیس اور ٹریفک وارڈنز کی طرف سے شروع کردہ کاروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ یہ سلسلہ رکنا نہیں چاہیے بلکہ مستقل بنیادوں پر کاروائی کی جائے۔
عوامی حلقے یہ بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ صرف بازار ایریا میں نہیں بلکہ بازار سے باہر بھی منظم انداز میں کاروائی کی جائے۔
دوسری طرف پولیس نے تمام والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ ٹریفک حادثات کی روک تھام میں پولیس کا ساتھ دیں، اپنے کم سن بچوں کو موٹر سائکل/ گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہ دیں۔