ٹرین اغوا کی مذمت کرتے ہیں، طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد خطے میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے/افغان مزاحمتی فرنٹ

اسوقت افغانستان میں کم از کم 21 دہشت گرد گروپوں کو پناہ حاصل ہے جو کہ پورے خطے کے لئے خطرناک ہے، علی نزاری

اشتہارات

پشاور(م،ڈ)افغانستان میں سرگرم مزاحمتی تحریک "نیشنل ریزسٹنس فرنٹ” نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس واقعے کی مذمت کرکے ہوئے کہا کہ خطےمیں دہشت گرد گروہوں کا مضبوط ہونا تشویشناک ہے۔
این آر ایف کےشعبہ خارجہ تعلقات کےسربراہ علی نزاری نے سوشل میڈیا اکاونٹ ایکس میں ٹرین اغوا کے حالیہ واقعے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان میں برسر اقتدار طالبان خطے میں دہشت گردی کو پروان چڑھا رہے ہیں اور دہشت گرد گروپوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی قومی مزاحمتی اتحاد, "نیشنل ریزسٹنس فرنٹ” یعنی این آر ایف ٹرین اغوا کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور پاکستان کے عوام اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔
نزاری نے مزید کہا کہ 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد اس پورے خطے میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ طالبان نے افغانستان میں کم از کم 21 دہشت گرد گروپوں کو پناہ دے رکھا ہے جو کہ انکے بقول اس خطے میں متعدد ممالک میں عدم استحکام پیدا کرنے میں مصروف ہیں۔
علی نزاری نے کہا ہے کہ اس سنگین مسئلے کا واحد حل یہ ہے کہ افغانستان کے عوام کی حقیقی آزادی کی جدوجہد کا ساتھ دیا جائے اور افغانستان میں ایک جمہوری اور قانونی حکومت کی تشکیل ممکن بنائی جائے۔