چترال میں چوری اور نقب زنی کے درجنوں وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا
ملزم سے بھاری مقدار میں مال مسروقہ برآمد، تعلق ضلع لوئر دیر کے علاقے رباط سے ہے

چترال (بشیرحسین آزاد )لوئر چترال پولیس نے چترال شہر اور دروش میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے گھروں میں نقب زنی اور چوری میں ملوث گروہ کا کھوج لگاکر گروہ کے سرغنہ کو مال مسروقہ سمیت گرفتار کرلیا ہے جن کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔
ہفتے کے روز سٹی پولیس اسٹیشن کے احاطے میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن عتیق الرحمن نے ایس ڈی پی او چترال سٹی سجاد حسین، ایس ایچ او سٹی حیدر حسین، انوسٹی گیشن آفیسر ابراراحمد اور دوسرے افسران کی معیت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی ہفتوں سے چترال شہر اور دروش میں ان گھروں میں نقب زنی کے واقعات پے درپے رونما ہورہے تھے جن کے مکین موجود نہیں ہوتے تھے ۔ اس پر ڈی پی او لوئر چترال افتخار شاہ نے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے دن رات محنت کرکے ملزم کا سراغ لگانے میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہاکہ تفتیش نے کامیابی کا رخ اس وقت اختیار کیا جب ایک مشکوک شخص کو شہر کے اندر واقع فالکن نامی ہوٹل میں بار بار غیر فطری اوقات میں آتے جاتے ہوئے مشاہدہ کیا گیا اور اس کی مزید انکوائری کرنے پر معلوم ہوا کہ رباط لوئر دیر سے تعلق رکھنے والا جہاد خان ولد قلندر شاہ نامی شخص نے اس ہوٹل میں کمرہ لے رکھاہے جس کی تلاشی لینے پر مسروقہ سامان برآمد ہونا شروع ہوگئے۔
انہوں نے کہاکہ ملزم انتہائی چالاک ہے جن کے پاس پانچ مختلف ناموں اور اضلاع کے شناختی کارڈ موجود ہیں اور مختلف مقامات پر وہ مختلف ناموں سے کارڈ استعمال کرتا ہے لیکن مذکورہ ہوٹل میں انہوں نے اصلی نام سے انٹری کررکھا تھا۔
برآمد شدہ اشیاء کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چوری کے دوران ملزم کا ہدف گھر میں موجود سونا (گولڈ)ہوتا تھا جوکہ کافی مقدار میں برآمد ہوئی جبکہ دوسرے اشیاء میں اسلحہ، امونیشن، لیپ ٹاپ، موبائل فونز، قیمتی بسترے اور بجلی کے سامان شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزم آئس کا عادی ہے اور اپر دیر اور لوئر دیر کے اضلاع میں پولیس کو اسی نوعیت کی کئی کیسوں میں مطلوب ہے۔
عتیق الرحمن نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ملزم کے مقامی یا غیر مقامی ساتھیوں کا سراغ ان سے پوچھ گچھ کے دوران لگایا جائے گا جبکہ اس وقت تک وہ اپنے آپ کو اکیلا ظاہر کررہا ہے۔ انہوں نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ مسروقہ سامان قانونی تقاضے پوری کرنے کے بعد بہت جلد ہی ان کے مالکوں کے حوالے کئے جائیں گے۔