لاہور میں چترال پولو ٹیم کے گھوڑے پراسرار طور پر بیمار ، دو گھوڑے مر گئے
یہ معمولی واقعہ نہیں، حقائق کو منظر عام پر لانے کے لئے تحقیقات ہونے چاہیئے/ عوامی حلقے

راولپنڈی(چ،پ) لاہور میں ایک فیسٹیول میں شرکت کرنے والی چترال پولوٹیم کے گھوڑے پر اسرار طور پر بیمار پڑ گئے جن میں سے دو گھوڑے مر گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو کے ساتھ چترال فری اسٹائل پولو کے میچز میں شرکت کے لئے چترال اور گلگت کی پولو ٹیمیں وہاں موجود ہیں، چترال اور گلگت کی ٹیموں کے مابین روایتی فری اسٹائل پولو کے مقابلے بھی ہوئے۔
تاہم گذشتہ دنوں چترال پولو ٹیم کے تمام 9 گھوڑے پراسرار طور پر بیمار پڑ گئے اور بعد ازاں چترال پولو ٹیم کے کیپٹن اور مایہ ناز پولو سٹار شہزادہ سکندر الملک کا گھوڑا "قزل” اور ایک اور گھوڑا مر گئے۔
چترال پولو کے سربراہ شہزادہ سکندرالملک نے کہا ہے کہ اچانک اور ایک ساتھ تمام گھوڑوں کا اس طرح بیمار ہونا اتفاق کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا اس بارے میں حقائق کا پتہ لگا رہے ہیں۔
چترال پولو ٹیم کے گھوڑے شندور پولو فیسٹیول میں چترال ٹیم کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں، چترال کے کھیلوں کے حلقوں نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے اس واقعے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔