فرنٹیئر کور نارتھ سنٹر وارسک میں 35ویں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب، میجر جنرل انجم ریاض مہمان خصوصی تھے

فرنٹئیر کور شاندار روایات اور تاریخ کی امین فورس ہے، جوان ملک و قوم کی خدمت کو اولیت دیں

اشتہارات

پشاور(چ،پ) فرنٹیئر کور(نارتھ) کے جوانوں کی پاسنگ آوٹ پریڈ ایف سی سینٹر (نارتھ) وارسک میں منعقد ہوئی جس میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل انجم ریاض نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کور (نارتھ) کے جوانوں کی 35ویں بنیادی فوجی تربیت کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیاجس میں 1422 ریکروٹس نے اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کی۔ ان میں 12 خواتین ریکروٹس بھی شامل ہیں، جو ایک تاریخی پیش رفت ہے۔
پاسنگ آوٹ پریڈ کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ، میجر جنرل انجم ریاض نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس کو شیلڈز اور اعزازی شمشیر سے نوازا۔ ریکروٹس نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی، جو تقریب کا ایک پُرجوش اور یادگار لمحہ تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل انجم ریاض نے کہا کہ فرنٹیئر کور شاندار روایات اور تاریخ کی امین فورس ہے جس نے ملک و قوم کی حفاظت کے لئے بے پناہ قربانیاں دیکر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے پاس آوٹ ہونے والے رینکروٹس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن انکے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس ملک کی سرحدات کی حفاظت اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی بھاری ذمہ داری آپ کے کندھوں پر آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قوم کی امنگوں پر پورا اترنا ہے۔ انہوں نے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کی بدولت دشمن کے ناپاک عزائم زمین بوس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے خطاب کے دوران جوانوں کو مادرِ وطن کی حفاظت اور قومی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنے کی ہدایت کی۔
آئی جی ایف سی نے ریکروٹس اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے کامیاب تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔