چترال کے تین وادیوں میں کالاش برادری کی آبادی 4109 تک پہنچ گئی ، کالاش ویلیز سروے رپورٹ

تینوں وادیوں کی کل آبادی کا 77 فیصد مسلم اور 23 فیصد آبادی کالاش برادری پر مشتمل ہے

اشتہارات


چترال(چ،پ) چترال کے تین وادیوں میں صدیوں سے آباد کالاش مذہب سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی کی آبادی کے حوالے سے خصوصی سروے کے اعدادو شمار سامنے آگئے جس کے مطابق تینوں کالا ش ویلیز میں مقیم کالاش برادری یا کالاش مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی مجموعی تعداد 4109 ہے جو کہ تینوں وادیوں کی کل آبادی کا 23 فیصد ہے۔
کالاش ویلیز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل منہاس الدین کے احکامات پر ماہ دسمبر 2024 میں کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KVDA) کی ٹیم نے تینوں وادیوں کا ایک جامع سروے کیا گیا ہے جس میں ان وادیوں کی آبادی، یہاں کے مسائل اور مشکلات، یہاں کے وسائل اور مواقع کا احاطہ کیا گیا ہے۔
اس سروے کے مطابق سب سے بڑے وادی بمبوریت کی کل آبادی سات ہزار ایک سو چھ (7106) ہے، وادی میں مسلم آباد ی کا تناسب 74.7 فیصد کے حساب سے پانچ ہزار تین سو چار (5304) جبکہ کالاش آبادی 25.3 فیصد کے حساب سے ایک ہزار آٹھ سو دو (1802) ہے۔
اسی طرح وادی رمبور کی کل آبادی چھ ہزار پانچ سو سڑسٹھ (6567) شمار کی گئی ہے جس میں مسلم آبادی پانچ ہزار نوے (5090) یعنی 77.5 فیصد اور غیر مسلم کالاش آبادی ایک ہزار چار سو ستتر (1477) یعنی 22.5 فیصد ہے۔
وادی بریر کی کل آبادی چار ہزار دو سو پچیس (4225) ہے جس میں تین ہزار تین سو پچانوے (3395)یعنی 80.3فیصد مسلم آبادی اور کالاش مذہب سے تعلق رکھنے والی نفوس کی تعداد آٹھ سو تیس (830) جوکہ 19.7 فیصد ہے۔
تینوں وادیوں کی مجموعی آبادی 17898 ہے جس میں 13789 یعنی 77 فیصد مسلم آبادی ہے جبکہ کالاش برادری کی آبادی 4109 یعنی 23فیصد ہے۔