ارندو اور لوٹکوہ روڈ کی فوری تعمیر؛ ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد پیش کردیا

ان سڑکوں کی تعمیر سے بین الاقوامی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا، قرارداد

اشتہارات

چترال(چ،پ) چترال سے رکن صوبائی اسمبلی و چئیرمین ڈیڈک فاتح الملک علی ناصر (مہتر چترال ) نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں ارندو روڈ اور گرم چشمہ لوٹکوہ روڈ کی تعمیر کے لئے قرارداد پیش کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی اسمبلی کے رواں اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی مہترچترال فاتح الملک علی ناصر نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چترال جغرافیائی اہمیت کا حامل علاقہ ہے اور اسکی سرحدیں افغانستان کے تین صوبوں کنڑ، نورستان اور بدخشان سے لگے ہوئے ہیں، افغانستان کا پانچواں بڑا شہر اور اہم تجارتی مرکز جلال آباد بھی چترال سے چند سو کلومیٹر کی مسافت پر ہے، ارندو روڈ کی تعمیر سے افغانستان کیساتھ تجارت بڑھے گی ۔ اسی طرح دوراہ پاس کے ذریعے چترال افغانستان کے صوبے بدخشان کے ساتھ لگا ہوا ہے جبکہ تاجکستان بھی چترال سے قریب پڑتا ہے، گرم چشمہ روڈ کی تعمیر سے نہ صرف بدخشان بلکہ تاجکستان تک آسان اور محفوظ رسائی ہوگی۔
ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر نے دونوں سڑکو ں کی تجارتی اور دفاعی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ان دونوں سڑکوں کی جلد از جلد تعمیر پر زور دیا ہے۔