بلدیاتی نمائندوں کے کئی مطالبات تسلیم کئے جاچکے ہیں، رولز ترامیم کی بھی منظوری دی جا چکی ہے/بیرسٹر محمد علی سیف

رولز میں ترامیم کی منظوری دی جا چکی ہے،

اشتہارات


پشاور (نیوز ڈیسک)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات کئی مرتبہ تسلیم کیے جا چکے ہیں اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ان پر عملدرآمد کے لیے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ رولز میں ترامیم کی منظوری دی جا چکی ہے، اعزازیہ کے بقایاجات فنانس ڈیپارٹمنٹ نے پہلے ہی جاری کر دیے ہیں، اور ویلیج و نیبرہوڈ کونسلز کے سابقہ دور کے فنڈز کو ترقیاتی کاموں میں خرچ کرنے کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کی جا چکی ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے واضح کیا کہ کرایہ اور اعزازیہ کے لیے حال ہی میں اضافی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ سی آر وی ایس سرٹیفکیٹ فیس کی مد میں جمع ہونے والی رقم متعلقہ کونسلز کے سرکاری بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے دفاتر مرحلہ وار قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ بلدیاتی نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ مشیر اطلاعات نے مظاہرین کے احتجاج کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ مطالبات تسلیم ہونے کے باوجود احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پرامن احتجاج کے لیے پہلے سے ایک جگہ مختص کی تھی، لیکن آج مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ریڈ زون میں ہائی کورٹ، سول سیکرٹریٹ، اور عسکری تنصیبات کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں احتجاج کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے ریڈ زون پر دھاوا بولنے کے عمل کو افسوسناک قرار دیا اور واضح کیا کہ احتجاج کی آڑ میں زور زبردستی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ پرامن انداز میں اپنا نقطہ نظر پیش کریں کیونکہ حکومت کے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں