امریکی شکاری نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑی بولی دے کر مارخور شکار کر لیا
امریکی شکاری نے دو لاکھ 71 ہزار ڈالر (ساڑھے سات کروڑ سے زائد روپے) ادا کر کے شکار کا پرمٹ حاصل کیا۔ وائلڈ لائف ذرائع

چترال(چ،پ)امریکہ سے تعلق رکھنے والے ایک شکاری نے چترال کے "توشی شاشہ کمیونٹی منیجڈ گیم ریزرو” میں پاکستان کے قومی جانور کشمیر مارخور کا رواں سیزن کا پہلا شکار کر لیا ہے۔وائلڈ لائف چترال کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر فاروق نبی نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاریخ میں سب سے بڑی بولی لگا کر شکار کا پرمٹ حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال اکتوبر کے مہینے میں محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے شکار کے پرمٹ کی بولی لگائی گئی جس میں امریکی شکاری رونالڈ جیو ویٹھن نے اس شکار کے لیےکھلی بولی میں ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی رقم یعنی دو لاکھ 71 ہزار ڈالر (ساڑھے سات کروڑ سے زائد روپے) ادا کر کے حاصل کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شکاری نے یہ شکار اتوار کو توشی شاشہ مارخور کنزرونسی میں وائلڈ لائف حکام کے زیرنگرانی میں کیا۔
فاروق نبی نے بتایا کہ شکار کیے گئے مارخور کے سینگوں کا سائز 49 انچ سے زیادہ ہے۔
یاد رہے رواں برس اکتوبر میں محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا نے صوبے کو الاٹ کیے گئے مارخور کے شکار کے چار پرمٹس نیلام کیے تھے۔
اس نیلامی میں چترال کے توشی ون کنزرونسی اور توشی ٹو کنزرونسی کے دونوں پرمٹ ریکارڈ دو لاکھ 71 ہزار فی پرمٹ کے حساب سے فروخت ہوئے تھے۔
کوہستان کے علاقے کیگا کی کنزرونسی میں مارخور کے شکار کا ایک پرمٹ ایک لاکھ 81 ہزار ڈالر سے زائد میں فروخت ہوا تھا۔
گہریت گول چترال کی کمیونٹی منیجیڈ گیم ریزرو میں مارخور کے شکار کا واحد پرمٹ ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔
محکمہ وائلڈ لائف حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کی آمدنی کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹی کو ملتا ہے۔