جمعۃ المبارک کی شب پولو گراونڈ میں محفل موسیقی منعقد کرانے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں/مولانا محمد الیاس

چترال(بشیرحسین آزاد)جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما اور سابق تحصیل ناظم مولانا محمد الیاس نے جمعہ کی شب پولو گراونڈ میں محفل موسیقی منعقد کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چترال کے منتخب ایم این اے اور ایم پی اے کی اس لہو لعب میں موجودگی اور بجلی کا بحران سمیت دوسرے عوامی مسائل پر ان کی مکمل خاموشی قابل افسوس ہے جس پر چترالی عوام ماتم ہی کرسکتے ہیں۔
جمعہ کے روز چترال پریس کلب میں جے یو آئی تحصیل چترال کے امیر پیر سرور ندیم اور دوسرے رہنماؤں مولانا آفتاب الٰہی اور مولانا انعام الحق کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس واقعے سے چترال کی باشرافت ماحول کو بے شرافتی اور باحیا ماحول کو بے حیائی کی طرف لے جانے کی کوشش کی گئی ہے جوکہ ناقابل برداشت ہے اور یہ غذاب الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے اور چترالی قوم کو اس پر اجتماعی اور انفرادی توبہ کرتے ہوئے رجوع الی اللہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے منتخب نمائندوں نے بجلی کے بارے میں گھمبیر مسائل کے حل کے لئے بازار پل میں کئی دن رات جاری احتجاجی کیمپ میں آنے کی زحمت گوارا نہیں کیا لیکن پولوگراونڈ میں جمعۃ المبارک کی مقدس رات کو منعقدہ ایک بے ہودہ محفل میں شرکت کیا جس سے پولوگراونڈ کے آس پاس رہنے والوں کاسکون بھی برباد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس بے ہودہ محفل کے بارے میں چترال کے جید عالم دین مولانا اسرارالدین الہلال کے جذبات اور احساسات کی مکمل تائیدو حمایت کرتے ہیں جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیامیں کیا ہے۔ مولانا الیاس نے ڈی سی لوئر چترال کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ اس طرح کی سرگرمیوں کی بجائے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی فکر کریں اور فضول کاموں پر توجہ دینے کی بجائے عوامی مسائل کی طرف توجہ دیں جن میں اس وقت چترال گھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پولو ٹورنامنٹ اوررات کے محفل موسیقی کے بارے میں اندرونی طور پر بھی کئی سوالیہ نشانات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس بارے میں مزید کاروائی کے لئے جے یو آئی کوئی لائحہ عمل طے کرے گی۔