دہشت گردی، گمراہ کن اور غلط معلومات کا پھیلاو اہم چیلنجز ہیں/جنرل عاصم منیر
آرمی چیف نے "امن اور استحکام میں پاکستان کا کردار" کے موضوع پر گفتگو کی اور علاقائی ہم آہنگی اور بین الاقوامی امن کو آگے بڑھانے میں نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی

راولپنڈی(چ،پ) بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر ، نشان امتیاز (ملٹری) نے اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ 2024کی خصوصی تقریب سے خطاب کیا۔ مارگلہ ڈائیلاگ 2024کی خصوصی تقریب کا اہتمام اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (IPRI) کی جانب سے کیا گیا۔
آرمی چیف نے "امن اور استحکام میں پاکستان کا کردار” کے موضوع پر گفتگو کی اور علاقائی ہم آہنگی اور بین الاقوامی امن کو آگے بڑھانے میں نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی ۔
جنرل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں دُنیا کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے جن میں غلط اور گمراہ کن معلومات کا تیزی سے پھیلاؤ ایک اہم چیلنج ہے، دُنیا میں کئی تبدیلیوں کے پیش ِ نظر غیر ریاستی عناصر کا اثر و رسوخ بڑھ جانا بھی ایک اہم چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر معیشت ، افواج اور ٹیکنالوجی میں بے انتہا تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، پرتشدد غیر ریاستی عناصر اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی عالمی سطح پر ایک بڑا چیلنج ہے۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی نے جہاں معلومات کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کیا ہے وہاں گمراہ کن اور غلط معلومات کا پھیلاؤ ایک اہم چیلنج ہے۔