چترال سکاوٹس کی طرف سے دروش میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، طبی ماہرین نے مریضوں کا معائنہ کیا, مفت ادویات دیئے گئے
عوامی حلقوں کی طرف سے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر چترال سکاوٹس کا شکریہ ادا کیا گیا

دروش(چ،پ) چترال سکاوٹس کے زیر اہتمام اتوار کے روز تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دروش میں ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں طب کے مختلف شعبوں کے ماہرین نے سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا۔ فری میڈیکل میں تین سو سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں ایک سو سے زیادہ خواتین مریض شامل تھیں جبکہ مریضوں کو مفت ادویات فراہم کئے گئے۔ چترال سکاوٹس کی طرف سے منعقد کرائے گئے اس فری میڈیکل کیمپ میں میڈیکل اسپیشلسٹ، گائنی کالوجسٹ، نیورو سرجن، جنرل سرجن، ماہر امراض اطفال نے مریضوں کا معائنہ کیا۔
ونگ کمانڈر 146 ونگ لیفٹیننٹ کرنل وقاص احمد نے ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا ، اس موقع پر انہوں نے طبی ماہرین کے علاوہ ہسپتال میں موجود مریضوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ اس فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا مقصد عوام کو طبی ماہرین کی خدمات باآسانی فراہم کرنا ہے ۔
میڈیا سے گفتگوکرتے معروف سیاسی و مذہبی شخصیت قاری جمال عبدالناصر نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل بلال کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ طبی ماہرین کی چترال آمد اور فری میڈیکل کیمپ کے لئے دروش کا انتخاب چترال سکاوٹس کی طرف سے علاقے کے غریب عوام کی بڑی خدمت ہے۔
عوامی حلقوں نےٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کے اقدام کو سراہتے ہوئے چترال سکاوٹس کا شکریہ ادا کیا۔
