چترال فٹ بال لیگ سیزن 4 کا شاندار اختتام، افغان ٹی وی فٹبال ٹیم فاتح ٹھری

لیگ میں 13 ٹیموں اور تین سو سے زیادہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا، فائنل باچا خان ایف لورالائی اور افغان ٹی وی کے مابین کھیلا گیا

اشتہارات

چترال(چ،پ)چترال فٹ بال لیگ کے سیزن فور2024 کا ٹائٹل افغان ٹی وی کی ٹیم نے جیت لیا۔ ڈپٹی کمشنر لویر چترال محسن اقبال اور چترال سکاوٹس کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل وقاص نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
چترال فٹ بال لیگ کے چیف آرگنائزر کمال عبدالجمیل نے لیگ کی رپورٹ پیش کی۔ گزشتہ روز لوئر چترال کے دروش ٹاؤن میں کرنل مراد سٹیڈیم میں لیگ کا فائنل میچ افغان ٹی وی اور باچا خان فٹ بال کلب لورالائی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں افغان ٹی وی کی ٹیم نے باچا خان فٹ بال کلب لورالائی کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فائنل میچ پہلے ہاف میں انتہائی دلچسپ رہاجب دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف تابڑ توڑ حملے کرتے رہے۔

میچ کی پہلے ہاف کے 21ویں منٹ میں افغان ٹی وی کے یاسر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی جوکہ ذیادہ دیر برقرار نہ رہی کیونکہ 7منٹ بعد لورالائی ٹیم نے ایک پینلٹی کک حاصل کرکے اسے گول میں تبدیل کرکے مقابلہ ایک۔ ایک سے برابر کردیا۔ ۔ دوسرے ہاف کے پہلے دس منٹ کے دوران افغان ٹیم کے مزمل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو دوبارہ برتری دلادی جبکہ یاسر نے ایک اور گول کرکے اسکور بورڈ کی پوزیشن 3-1کردی۔ لورالائی ٹیم ہمت ہارنے کی بجائے گول برابر کرنے کی جدوجہد میں تیز ی لائی مگر ان کا ہر حملہ افغان ٹیم کی بیک لائن نے ناکام بنادیا جوکہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوا۔ دوسرے ہاف کے آخری 15منٹ کے دوران لورالائی ٹیم نے ایک اور پینلٹی کک حاصل کرلی اور بال کو گول پوسٹ کی راہ دیکھادی مگر چند لمحوں بعد افغان ٹیم کے حماد نے ایک کرکے مقابلہ 4/2گول کردیا جو مقررہ وقت تک جاری رہا۔ فائنل میچ پچیس ہزار سے زیادہ تماشائیوں نے دیکھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرنل وقاص نے کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد سے دنیا کو ایک پیغام ملا ہے کہ یہاں کے لوگ امن پسند ہیں اور کھیل و تفریح کی سرگرمیوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے ایک بہترین ایونٹ کے انعقاد پر انتظامیہ کو داد دی۔ انہوں نے کہا کہ چترال سکاوٹس کھیلوں کی سرگرمیوں میں ہر قسم تعاون فراہم کرے گی۔
چترال فٹ بال لیگ کے چیف آرگنائزر کمال عبدالجمیل نے بتایاکہ اس ایونٹ میں پاکستان بھر سے14 ٹیموں کے تین سو سے زیادہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس کا انعقاد گزشتہ چار سالوں سے باقاعدگی سے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ایونٹ کی انعقاد میں معاونت پر چترال سکاوٹس، ضلعی انتظامیہ اور چترال پولیس، پیپسی پاکستان، کینڈی لینڈ اور ڈاکٹر حیدر کاسمیٹکس کا شکریہ اداکیا۔