سابق تحصیل ناظم مولانا محمد یوسف جمعیت علمائے اسلام اپر چترال کے امیر منتخب ہوگئے

مولانا فداالرحمن ضلعی جنرل سیکرٹری منتخب، مجلس عمومی کے 247 اراکین نے ووٹنگ میں حصہ لیا

اشتہارات

اپرچترال(شہزار احمد)سابق تحصیل ناظم مولانا محمد یوسف جمعیت علمائے اسلام ضلع اپر چترال کے امیر اور مولانا فداالرحمن ضلعی جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع اپر چترال میں جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر اور جنرل سیکرٹری کے انتخاب کے لئے اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا جس میں مجلس عمومی کے 289 میں سے 247 اراکین شریک ہوئے۔ جماعتی انتخابات مرکزی معاون ناظم انتخابات راحت شاہ ، صوبائی معاون ناظم انتخابات ڈاکٹر مسعود گل، صوبائی سالار اسرار مروت اور ضلعی ناظم انتخابات مولانا عمر فیضی کی نگرانی میں منعقد ہوئے۔ ضلعی امارت کے لئے سابق تحصیل ناظم مولانا محمد یوسف اور سابق ضلعی امیر مولانا فتح الباری مد مقابل تھے جبکہ جنرل سیکرٹری کے لئے مولانا فدا الرحمن اور فہیم اللہ ضلعی جنرل سیکرٹری کے لئے امیدوار تھے۔ نتائج کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی معاون انتخابات نے اکثریتی ووٹ حاصل کرنے کی بنیاد پر امارت کے لیے مولانا محمد یوسف اور جنرل سکرٹری کے لیے مولانا فدا الرحمٰن کو کامیاب قرار دیا تاہم جماعت کے انتخابی پالیسی کے تحت امیدواروں کے حاصل شدہ ووٹوں کو ظاہر نہیں کیا گیا۔
اپنے انتخاب کے بعد مولانا محمد یوسف نے مختصر خطاب کرتے ہوئے معاونین انتخابات اور ضلعی ناظم انتخابات مولانا محمد عمر فیضی کے ساتھ تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پُر امن ماحول اور منظم طریقے سے انتخابی عمل کو شفاف انداز میں اختتام تک پہنچائے ساتھ ان پر اعتماد کرنے پر جملہ کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی اتفاق و اتحاد سے پارٹی اور علاقے کی بہتر مفاد میں کام کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کوئی حزب اقتدار یا حزب اختلاف کی بات نہیں ،ہم ایک ہیں اور ایک رہ کر جمعیت کو منظم بنانے میں کردار ادا کر ینگے۔اس موقع پر نو منتخب جنرل سکرٹری مولانا فدا الرحمٰن نے بھی ان پر اعتماد کرنے پر پارٹی کارکناں کا شکریہ ادا کیا۔