اختیارات کا غلط استعمال کرنے والے اے ڈی کنزیومر کونسل کے خلاف عوامی احتجاج اور دھرنا، ڈی سی کی طرف سے مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی پر دھرنا ختم

چترال(بشیرحسین آزاد)اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ایک باعزت شہری کو زدوکوب کرنے اور تاجر برداری سے گزشتہ چار سالوں سے جعلی رسیدوں پر جرمانے وصول کرنے کے خلاف سول سوسائٹی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کا احتجاج جمعہ کے روز اس وقت شدت اختیارکرگئی جب اتالیق پل پر احتجاجی جلسہ کے بعد احتجاجیوں نے ڈی سی لوئرچترال ہاؤس کے سامنے غیرمعینہ مدت تک کے لئے دھرنا شروع کردیااور سڑک بھی بلاک کردیا۔ احتجاجیوں نے کہاکہ جب تک ڈی سی لوئر چترال مذکورہ افسر کے خلاف ایف آئی آر کی کاپی،ان کے تبادلے کا آرڈر اور گزشتہ چار سالوں دکانداروں سے لئے گئے جرمانوں کی رسیدوں کی اسپیشل آڈٹ اور انکوائری کا حکمنامہ ان کے حوالے نہ کرے، ان کا دھرنا جاری رہے گا۔جلسہ سے تجاریونین کے عبوری صدر دین محمدندیم کے علاوہ عبدالولی خان ایڈوکیٹ، مولانا جمشید احمد، وجیہہ الدین، انجینئر فتح الرحمن،نور احمد خان چارویلو، ظفر حیات ایڈوکیٹ، شجا ع الحق بیگ، اسرارالدین کسانہ،فضل ربی جان اور دوسروں نے خطاب کیا۔ انہوں نے متنازعہ افسرکے خلاف ایکشن نہ لینے پر ڈی سی لوئر چترال کو بھی تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کسی بھی سرکاری افسر کو چترال میں من مانی کرنے کی اجازت ہر گزنہیں دی جائے گی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محسن اقبال نے دھرنا شرکا سے ملاقات کرکے مطالبا ت منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر چترال لوئر محسن اقبال کی طرف سے اے ڈی کنزیومر کونسل عرفان عزیز کا تبادلہ اور ان کے خلاف انکوائری شروع کرنے کی یقین دہانی پر سیاسی قائدین ،تاجر بردادری ،سول سوسائٹی اور عوام کی طرف سےدیاگیا دھرنا ختم کردیا اور ہفتے کے روز ہڑتال کی کال بھی واپس لے لیا گیا۔
#chitralpost