یوم دفاع کے حوالے سے گورنمنٹ ہائی سکول عشریت میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا

6 ستمبر کا دن ہماری قومی تاریخ میں نمایاں حیثیت کا حامل ہے، روئیدار احمد

اشتہارات

دروش(چ،پ) یوم دفاع (6 ستمبر ) کے حوالے سے گورنمنٹ ہائی سکول عشریت میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سابق ممبر تحصیل کونسل حاجی روئیدار احمد مہمان خصوصی تھے جبکہ سکول پرنسپل حافظ نوراللہ نے تقریب کی صدارت کی۔
تقریب کاآغاز تلاوت کلام پاک سے ہواجسکے بعدسکول کے استاد قاضی شریف احمد صاحب نے یوم دفاع کے حوالے سے اہم معلومات طلبہ کے گوش گزار کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حاجی روئیدار احمد نے کہا کہ ستمبر کا پہلا ہفتہ اورخاص کر6 ستمبر کا دن پاکستانی قوم کے لیےافتخارکا دن ہے کیونکہ یہ ہماری قومی اور عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ 1965ءکی جنگ میں افواجِ پاکستان اور عوام پاکستان کی جرات، قربانیوں اور بہادری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ دل لگا کر پڑھیں کیونکہ ملک و قوم کا مستقبل ان سے وابستہ ہے۔
طلبہ نے پرسوز آواز میں ملی نغموں اور نظموں کے ذریعے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کر کے حاضرین کا لہو گرما دیا ۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے پرنسپل حافظ نوراللہ صاحب نے سورۃ انفال کی آیت "واعدو لہم مااستطعتم..” کی روشنی میں افواج پاکستان کی جنگی صلاحیتوں کی تعریف کی اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
یوم دفاع کی اس تقریب کا اختتام وطن عزیز کی سلامتی اور شہدا۶ کے درجات کی بلندی کے دعائیہ کلمات سے ہوا, دعائیہ کلمات جناب سمیع اللہ صاحب نے ادا کیں۔