دریائے یارخون میں طغیانی، پاور یارخون میں ایک سکول سمیت اٹھارہ گھر ڈوب گئے

گلیشیر پگھلنے اور دریاوں میں طغیانی سے متعدد علاقے متاثر ہوئے ہیں

اشتہارات

چترال(چ،پ)اپرچترال پاور یارخون میں دریائے یارخون بپھرگیا۔ ایک سکول سمیت اٹھارہ گھر ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق چترال میں حالیہ دنوں میں شدید گرمی کے باعث گلئشیرز کے پگھلنے سے دریاوں میں طغیانی آگئی ہے اور چترال کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ پاور یارخون میں اٹھارہ گھرانوں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور دریا دو حصوں میں تقسیم ہوکر گورنمنٹ پرائمری سکول پاور سمیت اٹھارہ گھرانوں کومتاثر کردیاہے۔ جبکہ سینکڑوں جریب زمینات اور باغات و کھڑی فصلیں دریا کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں۔ علاقے کے لوگ نقل مکانی کرکے صرف اپنی جانیں بچانے میں مشکل سے کامیاب ہوئے ہیں۔ لیکن ان کی جمع پونجی اور سامان دریا برد ہو گئی ہیں۔ لوگ انتہائی مشکل سے دوچار ہیں۔ انتظامیہ کی طرف سے کسی قسم کی امداد تاحال نہیں پہنچی ہیں جس کا وہ شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ متاثرین کو فوری طور پر خیمے خوراک اور دیگر امداد کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اپر و لوئر چترال اور مخیر اداروں سے پر زور اپیل کی ہے۔ کہ ان کی فوری امداد کرکے ان کی مشکلات میں کمی لانے کی کوشش کی جائے۔