شاہ میراندہ سنگور میں آکاہ کی طرف سے حفاظتی پشتوں کی تعمیر پر ادارہ کے مشکور ہیں/عمائدین سنگور

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)ویلج کونسل سینگور کے عمائدین نے آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ(آکاہ) کی طر ف سے شاہ میراندہ ایریا میں حفاظتی پشتوں کی تعمیر پر ادارے کے تمام حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ چترال پریس کلب میں چیئرمین ویلج کونسل سینگور امین الرحمن، یوتھ کونسلر فیصل، فصیح اللہ، امین اللہ، عبید سابق ممبر پی ٹی آئی، عیداللہ تحصیل نائب ناظم، رحمت حلیم سابق نائب ناظم سینگور نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینگور میں سیلاب سے بچاؤ کیلئے حفاظتی بند کی تعمیر ایک دیرینہ مطالبہ تھاجس کی تعمی کا بیڑا آکاہ نے اٹھا کرعوام کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا ہے اور اس حفاظتی پشتے کی تعمیر کا کا م انتہائی بہترین طریقے سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے کے ڈی این کے ذیلی اداروں کے تعاؤن سے اس سے قبل بھی سینگور میں لنک روڈ کی تعمیر، گلیوں کی پختگی اور نہروں کی تعمیربہترین طریقے سے انجام پائے ہیں اور لوگ ان سے استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ ایک شرپسند شخص آکاہ کی طرف سے ہونے والے اس قسم کے قابل تعریف کام کو ذاتی مفاد کی خاطر متنازعہ بنا کر ادارہ، مقامی تنظیم اور ویلج کونسل کے ذمہ داروں کو بدنام کرنے کی کو شش کر رہا ہے، جس کا نام تک لینا ہم مناسب نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر مقامی شخص علاقہ سینگور کا امن تباہ کرنیکی کوشش کر رہا ہے اور ان کا منفی کردار تمام لوگوں کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینگور کے عوام آکاہ کے شکر گزار ہیں کہ وہ عوامی مفاد کی خاطر حفاظتی پشتے کابہترین منصوبہ سیگور میں تعمیر کر رہے ہیں جس سے ممکنہ سیلاب سے گاوں کو بچانے میں بہت مدد ملے گی۔