کریم آباد ویلی میں ٹیلی نار سروس کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیا جائے، عوام کو مشکلات کا سامنا ہے/عنایت علی شاہ

اشتہارات

چترال(محکم الدین)ٹیلی نار کی ناقص سروس نے کریم آباد کے عوام کو شدید مشکلات سے دوچارکردیا ہے جس پر عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ برشگرام کریم آباد سے تعلق رکھنے والے جنرل کونسلر عنایت علی شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹیلی نار کے اعلی حکام سے جلد ازجلد سروس میں بہتری لانیکا مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے۔کہ ان کے مطالبے پر اگر توجہ نہ دی گئی تو عوام کریم آباد ٹیلی نار سروس کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ اس وقت امن و امان میں خلل کی تمام تر ذمہ داری ٹیلی نار حکام پر ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ رات 12 بجے سے پہلے علاقے میں سگنل غائب ہو جاتے ہیں صبح طلوع آفتاب کے بعد سروس بحال ہو جاتی ہے جوکہ ایک انٹرنیشنل کمپنی کی ناقص سروس کو واضح کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ معلوم ہوا ہے کہ رات کے وقت سروس کی معطلی کی بنیادی وجہ ٹیلی نار کے مین ٹاور میں فیول کی کمی اور عدم دستیابی ہے جو کہ انتہائی قابل افسوس ہے۔ عنایت علی شاہ نے ضلعی انتظامیہ اور اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیلی نار کمپنی کو صحیح سروس دینے کا پابند بنایا جائے تاکہ عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہااگر ٹیلی نار والے فیول کا بندوبست نہیں کرسکتے تو سولر پینل کے لیے نئی بیٹری کا انتظام تو کرنا چاہیئے تاکہ عوام کو اضطرابی کیفیت سے بچایا جا سکے۔