ایم پی اے کے منصوبوں میں کسی قسم کی ہیرا پھیری کی اجازت نہیں دی جائے گی،ٹی ایم اے باخبر رہے/جے یو آئی دروش

اشتہارات

دروش(چ،پ)جمعیت علماء اسلا م تحصیل دروش نے خبردار کیا ہے کہ جماعت کے منتخب ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کے فنڈ سے دروش میں متعدد منصوبے منظور ہوکر انکا ٹینڈر ہو چکا ہے، عوامی مفاد کے ان منصوبوں میں کسی قسم کے ہیرا پھیری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گذشتہ روز جمعیت علماء اسلام تحصیل دروش کے کابینہ کا اجلاس زیر صدارت تحصیل امیر قاری محمد یحییٰ منعقد ہوا جسمیں مختلف امور پر تفصیلی بحث و مباحثے کے بعدقرارداد منظور کئے گئے۔ جے یو آئی تحصیل دروش کے سیکرٹری اطلاعات قاری ابرہیم شاہ کی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق تحصیل کابینہ کے اجلاس میں اس امر پر غور کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام کے رکن صو بائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان کی طرف سے تحصیل دروش میں عوامی منصوبوں کے لیے فنڈ رکھے گئے ہیں، اس سے قبل بھی جمعیت کے ایم پی اے نے دروش میں متعدد منصوبوں کے لئے فنڈ رکھے مگر بدقسمتی سے ان منصوبوں کا عوام کو علم نہیں ہو سکا اور اب بھی جو منصوبے رکھے گئے ہیں انکی بابت عوام کولاعلم رکھنے کی سازش ہورہی ہیں حالانکہ ان منصوبوں کے ٹینڈر ہوچکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ایک مذہبی و سیاسی جماعت ہے عوام کی بھلائی اور ترقی پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں کوششیں کرتی آئی ہے، جمعیت علماء اسلام شفافیت اور دیانت داری کے ساتھ عوامی خدمت کا علم بردار ہے اور قومی خزانے سے عوام پر خرچ ہونے والے فنڈ میں کسی قسم کے خرد برد اور ہیرا پھیری کو قطعاً برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی اے کے فنڈ سے جو منصوبے اب منظور ہو چکے ہیں اور جنکے ٹینڈرز ہو چکے ہیں انکا عوام کو علم ہونا ضروری ہے مگر بعض افراد جمعیت کے ایم پی اے کی طرف سے منظور کردہ ان منصوبوں کو عوام سے چھپانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور ان عناصر نے ماضی میں بھی ایسا کیا ہے، ان عناصر کی انہی حرکتوں کی وجہ سے عوام الناس جمعیت علماء اسلام سے بدظن اور بد گمان ہو رہے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام تحصیل دروش کے کابینہ نے تحصیل چیئرمین دروش اور تحصیل میونسپل آفیسر دروش کو خبردار کیاہے کہ ان منصوبوں کو بطریق احسن مکمل کیا جائے اور اس بابت متعلقہ علاقے کے عوام کو باخبر رکھا جائے، اس حوالے سے کسی قسم کی ہیرا پھیری کی کوئی گنجائش نہیں، جے یو آئی دروش نا ہی کسی غیر متعلقہ شخص اور ٹی ایم اے کے ادارے کو اسکی اجازت دے گی کہ وہ جمعیت کے ایم پی اے کے منظور کردہ فنڈ کو خرد برد کا شکار کرکے عوام کی نظروں میں جمعیت کے لئے بدنامی پیدا کریں۔ جے یوآئی کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر جمعیت علماء اسلام کے ایم پی اے کے فنڈز کو خرد برد کا شکار کرنے کی کوشش کی گئی تو اسکے خلاف سخت مزاحمت کی جائے گی۔ جے یو آئی دروش کے سیکرٹری اطلاعات کے مطابق تحصیل کابینہ میں منظور کردہ قرارداد کی کاپیاں ضلعی امیر، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کے علاوہ ذمہ دار اور متعلقہ سرکاری اداروں کو بھی ارسال کئے گئے ہیں۔