بدھ. ستمبر 28th, 2022

چترال (چ،پ) پشاور میں منعقد ہونے والی یوفون 4Gسپر فٹ بال کپ کی فاتح ڈی ایف اے چترال کی فٹ بال ٹیم منگل کے روز چترال پہنچ گئی جس کا چترال میں بھرپور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یوفون کپ جیتنے والی ٹیم کو سرکاری پروٹوکول کے ساتھ لایا گیا۔ لواری ٹنل سے لیکر چترال شہر تک مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جہاں پر کھلاڑیوں کو ہار پہنچائے گئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ نگر دروش کے مقام پر آئیڈیل کلب دروش کے ذمہ داران اور اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالحق نے فاتح ٹیم کا استقبال کیا، جبکہ دروش بازار میں تجار یونین کے صدر حاجی گل نواز کی قیادت میں مقامی عمائدین نے ٹیم کا والہانہ استقبال کیا۔چترال سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر حاجی فاروق اعظم، ڈی ایف اے کے سرپرست حاجی حسین احمد کی قیادت میں ڈی ایف اے کے ذمہ داران اور مختلف کلبوں کے نمائندے اور کھلاڑی بڑی تعداد میں دروش پہنچ گئے۔

دروش شاہی قلعہ میں شہزادہ محمد ہشام الملک کی طرف سے فاتح ٹیم اور دیگر مہمانان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں کھلاڑیوں کے علاوہ عمائدین نے بھی شرکت کی۔ دروش سے چترال تک راستے میں مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں لوگوں نے فاتح ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔ چترال سکاؤٹس ہیڈ کوارٹر میں جوانوں نے کھلاڑیوں کا پرجوش استقبال کیا جہاں دھول کی تھاپ کھلاڑیوں نے سکاؤٹس جوانوں کے ہمراہ رقص بھی کیا۔ ڈپٹی کمشنر لوئرچترال حسن عابد نے فاتح ٹیم کے اعزاز میں اپنے دفتر کے احاطے میں استقبالیہ پروگرام کا اہتمام کیا جہاں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاؤن خصوصی وزیر زادہ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں چترال میں کھیلوں کو سب سے ذیادہ اہمیت دی گئی ہے اور 14کروڑ روپے مختلف مقامات پر پولو گراونڈز کی تعمیر پر خرچ ہونا، سیدآباد اور بونی کے مقامات پر پلے گراونڈز کی تکمیل اور چترال شہر میں سپورٹس کمپلیکس کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنا اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے پشاور میں قومی سطح پر چمپئن بننے والی ٹیم کے ارکان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اس علاقے کے عوام کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ وزیر زادہ نے کہاکہ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کو گرانٹ ان ایڈ دلوانے کی بھر پور کوشش کی جائے گی۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ حسین احمد نے فٹ بال کے کھیل کو ترقی دینے کی راہ میں مشکلات کا ذکر کیا جبکہ ایڈوکیٹ عبدالولی خان عابد نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ پولو اور فٹ بال کے کھیلوں کی ترقی میں وہ کردار ادا کریں جوکہ ماضی میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کا خاصہ رہا ہے۔ڈی سی نے فاتح ٹیم کے لئے انعام 2لاکھ روپے ٹیم کپتان محمد رسول کے حوالے کئے جبکہ معاؤن خصوصی وزیر زادہ نے ہر کھلاڑی کو چترالی ٹوپی اور ہار پہنائے۔ اس موقع پر بونی میں پولو ٹورنامنٹ جیتنے والی خالد بن ولی شہید ٹیم کو بھی انعامات دئیے گئے۔ پی ٹی آئی لویر چترال کے صدر سجاد احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔