ہمارے مطالبات منظور نہ ہوئے تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرینگے/سرکاری ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد)آل گورنمنٹ ایمپلائز گرانڈ الائنس چترال کی طرف سے مہنگائی اور ایڈہاک ایلاؤنسز کو بنیادی تنخواہوں کے ساتھ ضم نہ کرنے کے خلاف چترال پریس کلب کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے چیئرمین اگیگا امیر الملک نے الائنس کی جانب سے تمام ایڈہاک الاؤنسز کو قانون اور آئین کے مطابق بنیادی تنخواہ کے ساتھ ضم کرنے، تنخواہوں اور مراعات میں موجود تضاد کو ختم کرنے،ملک بھر کے تمام ملازمین کے اپ گریڈیشن، کمر توڑ مہنگائی کے تناسب سے ملازمین اور پنشنرز کو 100% مہنگائی الاونس دینے، تمام کنٹریکٹ /ایڈہاک اساتذہ اور دیگر ملازمین کو مستقل کرنے، سرکاری ملازمین کیلئے ریٹائرمنٹ کی حد 55سال کو ختم کرنے، ریٹائرمنٹ کی سابقہ پالیسی بحال کرنے، پے اینڈ پنشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے اور تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کوا عتماد میں لینے کا مطالبہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات فوری طور پر منظور کیے جائیں بصورت دیگر پاکستان کے تمام ملازمین اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے حصول کیلئے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے پر مجبورہونگے۔احتجاج میں امیر الملک چیرمن اگیگا، ضیاء الرحمان جنرل سکرٹری ایگیگا لوئرچترال،نثار احمد صدر ATAچترال لوئر،وقار احمد صدر پیرا میڈیکس ڈی ایچ کیوہسپتال لوئر چترال،الیاس احمد صدر کلاس فور یونین لوئر چترال،ذاہد عالم جنرل سکرٹری ATAلوئر چترال ودیگر شامل تھے۔