ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے زیر اہتمام زائنی پیراگلائڈنگ فیسٹیول میں 70پیراگلائیڈرز حصہ لینگے

اشتہارات


چترال(محکم الدین)عالمی سطح پر اپر چترال کو پیراگلائڈنگ کے لئے ایک موزن ترین، پر امن اورسیاحتی علاقے کے طور پر پیش کرنے کیلئے پہلی مرتبہ اپر چترال میں تین روزہ پیرا گلائڈنگ فیسٹول کا انعقاد یکم اکتوبر سے کیا جارہا ہے۔اس فیسٹیول میں بڑی تعداد میں کراچی، لاہور، گلگت سے تعلق رکھنے والے نیشنل لیول کے پیرا گلائڈرز حصہ لیں گے۔ فیسٹول کیلئے پیراگلائڈرز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 70 پیراگلائڈرز کی رجسٹریشن کی گئی ہے جن میں 20 مقامی پیراگلائڈرز بھی شامل ہیں۔ جبکہ دیگر پائلٹوں کاتعلق ملک کے دوسرے شہروں سے ہے۔ پیراگلائڈنگ میں شہرت رکھنے والے سنیئر پائلٹ ظہیرالدین بابر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اپر چترال کا پورا علاقہ پراگلائڈرز کی جنت ہے، یہاں بے شمار مقامات موجود ہیں جو پائلٹ کے اڑان بھرنے کیلئے انتہائی طور پر موزون ہیں۔ ان میں سے زائینی پاس کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ اسلئے فیسٹول کو بھی زائینی پاس پیراگلائڈنگ فیسٹول کا نام دیا گیا ہے۔ پائلٹ 12ہزار فٹ بلند زائینی پاس سے اڑان بھریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پیراگلائڈنگ دو مرحلوں پر مشتمل ہے جس میں ایک مقابلہ سپاٹ لینڈنگ کا ہے جس میں پائلٹ کاغلشٹ کی پہاڑی سے اڑان بھریں گے اور جو پائلٹ نشاندہی شدہ مقام پر یا اس کے قریب ترین اتریگا وہ اول پوزیشن کا حقدار ٹھرے گا۔ دوسرا مقابلہ XCفلائنگ یعنی طویل دورانیے پر محیط اڑان کا ہے جس کیلئے مجموعی طور پر دو گھنٹے دیے گئے ہیں، دو گھنٹے فضا میں رہنے کے بعد جو پائلٹ نشاندہی کردہ مقام یا قریب ترین میں اتریگا وہ بھی پہلے انعام کا حقدار قرار دیا جائے گا۔ تین روزہ فیسٹول کے دوران جیپ ریلی کے انعقاد پر بھی سوچاجارہا ہے۔ فیسٹول ڈسٹرکٹ انتظامیہ اپر چترال کی زیر نگرانی انجام پائے گا۔ اس سلسلے اپر چترال انتظامیہ نے اس امید کا اظہارکیاہے کہ یہ فیسٹول علاقے میں سیاحت کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔ اور سرمائی سیاحت کو بھی ترقی ملے گی۔