ڈسٹرکٹ اٹارنی اپر چترال کے دفتر میں آسامیوں پر غیرمقامی افراد کی تعیناتی،مقامی لوگوں میں تشویش

اشتہارات


چترال(چ،پ) اپر چترال میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں کلاس فور کی آسامیوں پر غیر مقامی افراد کی تعیناتی سامنے آئی ہے جس کیساتھ ہی مقامی افراد نے اس اقدام پر اپنے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سوشل میڈیا میں سامنے آنے والے اس نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ قانون و انسانی حقوق کے زیر نگرانی ضلع اپر چترال میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں مختلف آسامیوں پرتعیناتی کا ذکر ہے۔ گو کہ اس نوٹیفکیشن پر کسی کے دستخط موجود نہیں تاہم تعیناتی کے مجاز اتھارٹی کے طور پر ڈائریکٹر جنرل لاء اینڈ ہیومن رائٹس خیبر پختونخوا کا ذکر موجود ہے۔ اس ضمن میں سوشل میڈیا میں بعض ملازمین کے دستخطوں سے جمع شدہ بیان حلفی بھی زیر گردش ہیں۔ جن آسامیوں پر تعیناتی کی گئی ہے ان میں کمپیوٹر آپریٹر کی دوآسامیاں ہیں جن پر ایک نوشہرہ اور دوسرا پشاور کے ضلعے سے بند ے کو بھرتی کیا گیا ہے، جونیئر کلرک کی دوآسامیوں پر پشاور کے رہائشی، چوکیدار کی آسامی پر صوابی، ڈرائیور کیلئے مردان اور نائب قاصد کی آسامی پر پشاور کے رہائشی بندے کو بھرتی کیا گیا ہے۔ ان تعیناتیوں کے سامنے آنے پر اپر چترال کے عوامی حلقوں نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپر چترال کے حقوق پر ڈاکے مترادف قراردیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان آسامیوں پر مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل پر صوبائی حکومت، اراکین صوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے ذمہ داران پر سخت تنقید کی ہے۔
سوشل میڈیا میں زیر گردش اس اعلامیے کے حوالے سے متعلقہ محکمے کی طرف سے فی الحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔