ریشن میں نجی املاک اور سڑک کی دریا بردی،ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لئے پولیس میں درخواست دائر

اشتہارات

بونی (افگن رضا)پیر مختار نبی،چیئرمین تحریک تحفظ حقوق چترال کے چیئرمین پیر مختار نبی ریشن میں نجی املاک اور مرکزی شاہراہ کے دریا برد ہونے کے واقعے میں غفلت اور لاپرواہی کا مرتکب ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے تھانہ بونی میں باضابطہ درخواست دیدی ہے اور مقامی پولیس نے درخواست وصول کرنے کے بعد روزنامچہ میں اندراج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔ پیر مختار نبی کی طرف سے دئیے گئے درخواست میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)،ڈی سی اپر چترال،محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، ایم پی اے اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ علاقے کے لوگوں نے متعدد مواقع پرمذکورہ محکموں کے افسران سے درخواست کی تھی اور انھیں سردیوں کے موسم میں دریا موڑنے کے لئے درخواستیں پیش کیں لیکن ان میں سے کسی نے بھی اس مسئلے کا نوٹس نہیں لیا۔ درخواست میں کہاگیا ہے کہ ان محکموں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے دریا نہ صرف ریشن کے قریب شادر کے مقام پر لوئر اور اپر چترال کے درمیان سڑک کو ختم کر گیا بلکہ مقامی لوگوں کے مکانات اور زمینیں بھی بہا لے گیا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ لاپرواہی کی وجہ سے مقدمہ درج کیا جانا چاہئے تاکہ ان محکموں کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔