مڈک لشٹ کے درجنوں باشندوں نے ہمارے خاندان پر ہلہ بول دیا،قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے/عمرا خان سکنہ بڑپنج

اشتہارات


چترال(بشیرحسین آزاد)مڈاک لشٹ میں گذشتہ روز زمین کے تنازعے پر ہونے والے تصادم کے ایک فریق عمرا خان ولد بلبلہ خان ساکن بڑپنج نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سے اپیل کی ہے کہ سابق ناظم سردار عالم، ذاہد و قاضی خورشید کی قیادت میں مڈکلشٹ کے ایک سو پچاس افراد نے ان کی جائداد پر ہلہ بول دیا اور فصلوں و گھر بار کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ زرام خان و ان کے بھائی کو تشد د کا نشانہ بنایا اور گھر کی خواتین کو اغوا کرکے لے گئے جس کے دوران زرام خان اور خواتین زخمی ہوئے جس کا نوٹس لیا جائے اور ملزمان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس زمین پر اہلیان مڈکلشٹ نے ہلہ بول دیا ہے وہ ان کی ملکیتی زمین ہے لیکن اہلیان مڈکلشٹ اپنی اکثریت کے گھمنڈ میں اسے قبضہ کرنے کی کو شش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیس وقوعہ کے بعد موقع پر پہنچ کر یرغمال خواتین کو بازیاب کرایا ہے تاہم اہلیاں مڈکلشٹ نے گاؤں سے گزرنے والی سڑک پر دھرنا دے کر بند کر دیا ہے اور مسلح ہو کر لوگوں کو نقل و حمل سے روک رکھا ہے جس سے گیارہ دیہات کے لوگ محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ مقامی پولیس چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود روڈ کھولنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ عمرا خان نے کہا کہ روڈ کی مسلسل بندش سے حالات کے مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔ اور امن و امان کا بڑا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے انہوں نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے پر زور اپیل کی ہے۔ کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر مرتکب افراد کو سزا دی جائے۔