خیبرپختونخوا میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کا دفاترمیں داخلہ ممنوع قراردے دیا گیا

اشتہارات

پشاور(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کا دفاترمیں داخلہ ممنوع قراردے دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے 32 سرکاری محکموں کے انتظامی سربراہان کو باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ ملازمین کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسنیشن کو لازمی کروانے کے لئے باضابطہ 30 جون سے 15 جولائی تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
اس اعلامیے میں ایڈمنسٹریشن سمیت فنانس و دیگر محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے جاری گائیڈ لائنز کے تحت تمام سرکاری محکموں کے متعلقہ اعلی افسران کو لازم ہے کہ وہ اپنے محکمے کے ماتحت ملازمین کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔
اس کے لئے ہر محکمے کو ڈیڈ لائن دی گئی ہے جس تک تمام ملازمین کی لازمی کورونا ویکسینیشن کروائی جائے جبکہ سیکٹریز صاحبان اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ جو سرکاری ملازمین کورونا ویکسینیشن نہیں کروارہے وہ محکمے یا دفتر میں داخل نہ ہوسکیں۔اس سلسلے میں محکموں کے متعلقہ فوکل پرسنز کو کورونا ویکسینیشن سنٹرز کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کردی گئی ہیں۔اعلامیہ کے مطابق 21 محکموں کو 30 جون اور 11 محکموں کو 15 جولائی تک ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔