ضلع لوئر چترال کیلئے صوبائی اسمبلی نشست بحال کرکے فوری الیکشن کرائے جائیں /فضل الرحمن

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد) پولیٹیکل پارٹیز سٹیرنگ کمیٹی چترال کے جنرل سیکرٹری اور معروف سماجی کارکن فصل الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع لوئر چترال کے صوبائی اسمبلی کی نشست بحال کرکے فوری طور پر انتخابات کرائے جائیں۔ جمعہ کے روز چترال پریس کلب میں انجینئر انعام الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع میں بے شمار مسائل درپیش ہیں اس لئے حکومت سے پُر زور مطالبہ ہے کہ لوئر چترال کے لئے صوبائی اسمبلی کی سیٹ بحال کرکے فوری طور پر ضمنی الیکشن کرائے جائیں تاکہ ہمارے ضلع کے مسائل حل ہونے میں آسانی پیدا ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ معاؤن خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ چترال کی ترقی کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں، انہیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی سرپرستی حاصل ہے اورصوبائی حکومت سے چترال کے مختلف منصوبوں کے خطیر رقم خرچ دلوانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے چترال کی تعمیر وترقی میں اہم کردار کے حامل سیاحتی مقامات تک سیاحوں کی آسان رسائی کے لئے خستہ حال سڑکوں کی طرف توجہ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ سماجی کار کن فضل الرحمن نے ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی اور ممبر صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن سے بھی چترال کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے چترال کے لئے فنڈز لانے میں اپنا بھرپور کردار کریں کیونکہ چترال سے اُن کو عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ دیکر جتوایا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ میرے درخواست پر احساس پروگرام میں مستحق افراد کے سروے کا کام شروع ہوا تھا جس پر میں احساس پروگرام کے چیئرپرسن ثانیہ نشتر کا شکریہ اداکرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور مولانا فضل الرحمن کے فرزند مولانا اسجد محمود اگرچہ چترال کے نجی دورے پر آئے ہوئے تھے تاہم چترال کے مسائل اُنہیں گوش گزار کئے گئے جنہیں اُنہوں نے حل کرنے کا یقین دلایا۔اُنہوں نے چترال کے غرباء میں فوڈ آئٹم پر مشتمل ہزاروں پیکیج تقسیم کرنے پر طلحہ محمود فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے چترال کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں اور خصوصاً پاک فوج کی طرف سے پلوں کی تعمیر میں اہم کرداراداکرنے اور اُن کی کاوششوں کوسراہا۔