استاروتورکہو میں متبادل روڈ کے زمینات کا معاؤضہ نہ ملنے کی صورت میں سڑک بند کر دیں گے/زمین مالکان

اشتہارات

چترال (چ،پ)ضلع اپر چترال کے گاؤں استارومیں تورکھور وڈ پر واقع پل کی گزشتہ سال گرجانے کے بعد متبادل سڑک کی تعمیر کے لئے زمین دینے والے علاقے کے باشندوں نے زمین کا معاوضہ ملنے میں غیر معمولی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو 5مئی تک کی ڈیڈ لائن دے کر معاوضے کی پوری ادائیگی نہ ہونے پر روڈ بند کرنے کی وارننگ جاری کردی۔ جماعت اسلامی یوتھ ضلع اپر چترال کے صدر اشفاق احمد کی زیر صدارت استارو میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیاکہ گزشتہ سال دسمبر میں وزیر اعلیٰ کے معاؤن خصوصی وزیر زادہ اور ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے استارو میں متاثرہ مقام کا دورہ کرتے ہوئے زمین مالکان کو فوری طور پر معاؤضے کی ادائیگی کا وعدہ کیا تھا لیکن پانچ ماہ گزرنے کے بعد بھی یہ وعدہ پورا نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہاکہ اس سڑک کے لئے مقامی لوگوں نے اپنے زمینات کی قربانی دی ہے لیکن بدلے میں انہیں ٹرخایا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس متبادل سڑک کے لئے ایک زمین مالک کو اپنی ویلڈنگ شاپ کی قربانی دینا پڑا جوکہ ان کا واحد ذریعہ معاش تھا۔ا نہوں نے کہاکہ استارو کے عوام نے تورکھو اور تریچ کے چار یونین کونسلوں تک رسائی کے لئے روڈ کی خاطر اپنی زرعی زمینوں کی قربانی دے کر کسی غلطی کا ارتکاب نہیں کیا ہے کہ ان کو اپنے معاوضوں کے لئے در بدر کی ٹھوکر یں کھانے پر مجبور کیا جارہا ہے لیکن اس سلسلے کو مزید جاری رہنے نہیں دیا جائے گا اور ڈیڈ لائن کے اختتام پرمتبادل سڑک کو بند کیا جائے گا جس کے نتیجے میں پبلک کو پہنچنے والی تمام مشکلات کی ذمہ داری حکومت اور ایم پی اے پر عائد ہوگی۔