ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سونیہ شمروز خان نے رام رام ارندو گول میں کھلی کچہری میں شرکت کی

اشتہارات


چترال(بشیر حسین آزاد)ڈی پی او لوئر چترال پی ایس پی افیسر سونیہ شمروز نے گذشتہ روز آئی جی پی خیبرپختونخواہ کے ویژن کے تحت پاک افغان بارڈر،رام رام ارندوگول میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال حسن عابد بھی موجود تھے۔کھلی کچہری میں عمائدین علاقہ رام رام ارندو گول سے مختلف نوعیت کے مقدمات میں مفروروں کی گرفتاری کے سلسلے میں تفصیلی گفت وشنید ہوئی اور اکابرین علاقہ کی طرف سے مفروروں کی گرفتاری میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاؤن کی یقین دہانی کی گئی۔چترال کا دوردراز علاقہ ہونے کے ساتھ ساتھ افغان بارڈر پر واقع اس علاقے میں کسی بھی ڈی پی او اور ڈی سی کا یہ پہلا دورہ اور کھلی کچہری تھی۔ڈی پی او اور ڈی سی نے عوام علاقہ کے مسائل سننے کے بعد موقع پر احکامات صادر کیے۔
کھلی کچہری کے بعد ڈی پی او نے عمائدین علاقہ کے ساتھ خصوصی نشست کی جس میں عرصہ دراز سے مختلف سنگین نوعیت کے مطلوب مجرمان کی حوالگی کی نسبت گفت وشنید ہوئی۔ڈی پی اوچترال کی کوششوں سے جانی دشمنوں کے درمیان صلح کرائی گئی اور عرصہ دراز سے جاری دیرینہ دشمنی دوستی میں بدل گئی اور آئندہ ایک دوسرے سے عداوت نہ رکھنے اور دوستانہ ماحول میں زندگی گزارنے کے عہد کا اعادہ کیا گیا۔مشران علاقہ نے ڈی پی او لوئر چترال کی اس کاوش کو سراہا اور اس دورے کو علاقے اور عوام کے لئے نیک شگون قراردیا۔عمائیدن علاقہ نے مختلف نوعیت کے مقدمات میں ملوث مفرور ملزمان کو افغانستان سے ایک ہفتے کے اندر اندر لاکر پولیس کو حوالے کرنے کا عہد بھی کیا۔