سینٹ کی سیٹ پر فلک ناز چترالی کی کامیابی حکمران جماعت کی طرف سے چترال کے لئے تحفہ ہے/سول سوسائٹی نمائندگان

اشتہارات

چترال(چ،پ)چترال کے سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے فلک ناز کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی پر وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ گورنر شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ چترال جیسے پسماندہ ضلعے میں مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والی پارٹی کی خاتون ورکر کو اس مقام تک پہنچانا ان کے وژن کا حصہ ہے جس کا پوری دنیا معترف ہے جبکہ چترال اور ملاکنڈ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں جن حضرات نے پارٹی وابستگی سے بھی بالا تر ہوکر فلک ناز کے لئے سوشل میڈیا میں مہم چلاتے رہے،ان کے بھی شکر گزار ہیں۔ چترال پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وقاص احمد ایڈوکیٹ، چترال چیمبر آف کامرس کے لیاقت علی، صدر تجار یونین شبیر احمد خان، تریچ میر ڈرائیورز یونین کے جمشید احمد، شاکر احمد، طاہر الدین شادان، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جمشید احمد اور دوسروں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جس طرح عمران خان نے فلک ناز کو کامیاب کرکے چترال پر احسان کیا اسی طرح وہ چترال میں سڑکوں کے منصوبہ جات کو اعلانات کی حد سے نکال کر عملی جامہ پہنائیں گے اور وزیر اعظم خود چترال آکر اپنے دست مبارک سے ان کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے شندور روڈ، گرم چشمہ روڈ اور کالاش ویلی روڈ کے ساتھ ساتھ تورکھو روڈ پر بھی جلد از جلد کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہو ں نے کہاکہ فلک ناز چترال کے لئے میگاپراجیکٹ لے آئی گی جوکہ روڈ انفراسٹرکچر کی صورت میں ہوگا کیونکہ چترال میں یہ سیکٹر سب سے خراب حالت میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال دورہ چترال کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے جو وعدہ کیا تھا، انہیں پورا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں سیاحت کو فروع مل سکے۔ انہو ں نے فلک ناز سے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وہ خواتین کے لئے کاروباری مواقع پید ا کرنے کے ساتھ ساتھ چترال میں گیس پلانٹ منصوبے کی بحالی بھی کرائیں گی۔ انہوں نے زور دے کرکہاکہ چترالی احسان شناس قوم ہے جوکہ ذولفقار علی بھٹو اور پرویز مشرف کو ان کے خدمات کی وجہ سے ابھی تک یاد رکھے ہوئے ہیں اور چترال میں ان کی پارٹیوں کو زبردست کامیابی ملتی رہی ہے اور اسی طرح عمران خان کے احسانات کو بھی فراموش نہیں کریں گے۔