چینیوٹ قتل واقعے کے خلاف ڈی بی اے اپر چترال کا ہنگامی اجلاس

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اپر چترال نے چنیوٹ میں چترال کی معصوم بیٹی اور اسکی سات ماہ کی معصوم بچی کو بے دردی سے قتل کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جسمیں بار کے اراکین نے شرکت کیں۔ شرکاء اجلاس نے اس واقعے کو بہیمانہ قرار دیتے اس پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ اجلاس میں تھانہ سٹی کے حدود محلہ بٹہ کمانگران ضلع چنیوٹ میں چترال کی معصوم بیٹی مسماۃ نازیہ اور اس کی سات ماہ کی معصوم بیٹی ہانیہ کی بہیمانہ قتل کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ چترالی خاتون کی اس طرح بے دردی سے قتل کی وجہ سے چترالی وکلاء اور عوام میں شدید غم وغصے کا لہر دوڑرہا ہے اور انتہائی رنجیدہ ہیں۔اجلا س میں انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وکلاء نے چیئرمین پنجاب بار کونسل اور صدر ڈسٹرکٹ بار چنیوٹ کو بذریعہ قرارداد احتجاجاً اس غیر قانونی،غیر آئینی وغیر شرعی فعل اور درندگی سے آگاہ کرتے ہوئے صدور وجنرل سیکرٹری چنیوٹ بار سے اپیل کیا کہ درندہ صفت قاتل کو کیفرکردار تک پہنچانے میں ہماراساتھ دیں اور بحق مقتولہ برخلاف ملزم ہماری نمائندگی کریں اور سائلہ/مقتولہ کو انصاف دلانے میں ہرفورم میں مقدمہ کی صاف شفاف انکوائری میں ہماری مدد فرمائی جائیں، ڈسٹرکٹ بار میں مذمتی قراردادپیش کی جائے اور بذریعہ قرارداد پولیس اور انوسٹیگیشن ڈیپارٹمنٹ کو تنبیہ کی جائے کہ انکوائری میں کسی قسم کا بھی کسر نہ چھوڑا جائے۔